یو این آئی
نئی دہلی؍؍ الیکشن کمیشن کے ممبروں کی تقرری کے لئے آزاد سلیکشن کمیٹی کے قیام کی مانگ کی درخواست پیر کو سپریم کورٹ میں دائر کی گئی۔ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) کی جانب سے یہ درخواست نامور وکیل پرشانت بھوشن نے دائر کی۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبروں کی تقرری کے لئے موجودہ طریقہ کار آئین کے آرٹیکل 324 (2) کے موافق نہیں ہے۔ یہ تقرریاں پوری طرح سے ایگزیکٹو کے ذریعہ کی جاتی ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے ممبروں کی خواہش کے مطابق تقرری کے سبب کمیشن ایگزیکٹو کی شاخ بن جاتا ہے۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ جمہوریت آئین کے بنیادی ڈھانچے کی ایک جہت ہے اور منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانے اور ملک میں جمہوریت کو مزید صحت مند بنانے کے لئے کمیشن کو سیاسی اور ایگزیکٹو مداخلت سے پاک رکھنا چاہئے۔