نئی دہلی،// کانگریس نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لا کر ایکسائز ڈیوٹی واپس لینے کا مطالبہ کیا کانگریس کے جنرل سکریٹری اور میڈيا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے منگل کے روز یہاں ایک بیان میں بی جے پی کو ‘بھارتیہ جن لوٹ پارٹی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی اس نے تیل کی لوٹ کا کھیل شروع کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے آٹھ دنوں میں مودی حکومت نے پٹرول کو 1.40 روپے اور ڈیزل کو 1.63 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی بالترتیب 23.78 روپے اور 28.37 روپے فی لیٹر کردی ہے اور عوام کے مفاد میں اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ جب مودی سرکار نے مئی 2014 میں پہلی بار اقتدار سنبھالا تھا، تب پٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی 9.20 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 3.46 روپے فی لیٹر تھی، لیکن اسی حکومت کے دور میں یہ پٹرول میں 23.78 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 28.37 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014-15 سے لے کر اب تک حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر 12 مرتبہ ٹیکس بڑھایا ہے اور ساڑھے چھ سالوں میں عوام سے 21.50 لاکھ کروڑ روپے کی وصولی کی ہے۔ یہاں تک کہ کورونا بحران کے دور میں بھی بار بار پٹرول- ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے منافع کمایا جارہا ہے اور ایک بار پھر سے ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے۔