سری نگر، // انڈین آرمی نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سونہ واری علاقے میں 17 مئی سے شروع ہونے والی بھرتی ریلی کو اگلے احکامات تک ملتوی کر دیا ہے۔
دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے اتوار کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال میں بہتری آنے پر نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا: ‘وادی کشمیر میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر بانڈی پورہ کے ہیلی پیڈ گرائونڈ سونہ واری میں 17 مئی 2021 سے شروع ہونے والی آرمی ریکروٹمنٹ ریلی کو اگلے احکامات تک ملتوی کیا گیا ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘جن خواہشمند امیدواروں نے اس ریکروٹمنٹ ریلی میں حصہ لینے کے لئے رجسٹریشن کی ہے ان کی رجسٹریشن برقرار رہے گی۔ نئی تارکوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا’۔
قبل ازیں عمران موسوی نے کہا تھا کہ ضلع بانڈی پورہ کے سونہ واری علاقے میں 17 سے 28 مئی تک ایک ریکروٹمنٹ ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں وادی کشمیر کے سبھی دس اضلاع سری نگر، اننت ناگ، بارہمولہ، پلوامہ، بڈگام، کپوارہ، شوپیاں، گاندربل، بانڈی پورہ اور کولگام کے خواہشمند نوجوان شرکت کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ جن نوجوانوں نے سال 2020 – 2021 کی ریکروٹمنٹ کے لئے رجسٹریشن کی ہے انہیں دوبارہ رجسٹریشن کرنی ہے کیونکہ کووڈ کی وجہ سے پہلی نوٹیفکیشن کو منسوخ کیا گیا ہے۔