کولکاتہ،// مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان اتوار کی صبح 8 بجے سے سخت سکیورٹی کے تحت ووٹ شماری شروع ہوجائے گی۔ ریاست کی 292 نشستوں کے لئے 2116 امیدواروں نے انتخاب لڑا تھا، جن کی انتخابی قسمت کے فیصلے کا اعلان کل ہوگا۔
ریاست کی کل 294 اسمبلی نشستوں میں سے 292 نشستوں پر آٹھ مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ ریاست کے شمشیرجنگ اورجنگی پور حلقوں میں دو امیدواروں کے انتقال کے سبب انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے۔
ترنمول کانگریس گزشتہ 10 سالوں سے وزیر اعلی ممتا بنرجی کی سربراہی میں ریاست میں برسراقتدار ہے۔ اس انتخاب میں ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں نے بھی ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ووٹ شماری کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گنتی کے مرکز سے 100 میٹر کے دائرے میں کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن ریاست کے تمام ووٹ شماری مراکز پر کووڈ- 19 پروٹوکول پر عمل کرنے کا پابند ہے۔ نیز الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کے لئے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔