4500 کروڑ روپے کی یہ اسکیم آئندہ پانچ سالوں میں نافذ کی جائے گی
یواین آئی
نئی دہلی؍حکومت نے شمسی توانائی کے شعبے کی صلاحیت بڑھانے کے لئے 4500 کروڑ روپے کی پروڈکشن پر مبنی ترغیبی اسکیم ‘نیشنل پروگرام آن ہائی ایفیسینسی سولر پی وی (فوٹو وولٹک) ماڈیول کا اعلان کیا ہے، جو آئندہ پانچ سالوں میں نافذ کی جائے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت بدھ کے روز یہاں منعقد ہ کابینہ کے اجلاس میں اس سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی۔اجلاس کے بعد مرکزی وزرائ پرکاش جاوڈیکر اور پیوش گوئل نے یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ فی الحال شمسی توانائی کے شعبے کی صلاحیت میں اضافہ درآمد شدہ سولر پی وی سیل اور ماڈیول پر منحصر ہے، کیونکہ گھریلو مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے پاس آپریشنل سولر پی وی سیل اور ماڈیول کی محدود صلاحیت تھی۔ نیشنل پروگرام فار ہائی ایفیسینسی سولر پی وی (فوٹو وولٹک) ماڈیول سے بجلی جیسے اہم شعبے میں درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے سولر پی وی مینوفیکچرنگ پلانٹوں کی صلاحیت میں 10 ہزار میگاواٹ کا اضافہ ہوگا۔ سولر پی وی مینوفیکچرنگ منصوبے میں براہ راست 17200 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ اگلے پانچ برسوں میں یہ کھپت بڑھ کر 17500 کروڑ روپے ہوجائے گی۔ اس سے تقریبا 30 ہزار افراد کو براہ راست ملازمت ملے گی اور ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو بالواسطہ روزگار حاصل ہوگا۔ ہر سال تقریبا 17500 کروڑ روپے کی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ سولر پی وی مینوفیکچررس کا انتخاب شفاف مسابقتی ٹینڈر کے ذریعے کیا جائے گا۔ سولر پی وی مینوفیکچرنگ پلانٹ کی شروعات کے بعد پانچ سال تک پی ایل آئی فراہم کی جائے گی۔