یواین آئی
سرینگر؍؍پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا ہے کہ جنوبی کشمیر میں فوجی اہلکاروں نے ان کے پارٹی کے مقید لیڈر سرتاج مدنی کے گھر پر چھاپہ مار کر گھریلو چیزوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔انہوں نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘آر آر کیمپ دیوسر کے فوجیوں نے پی ڈی پی کے سرتاج مدنی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ مکان میں موجود چیزوں کو تہس نہس کر دیا گیا ہے نیز ان فوجیوں نے لڑکوں کو بھی پیٹا ہے۔ یہ شرمناک بات ہے کہ ان فوجیوں نے تمام قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے’۔بتادیں کہ سال گزشتہ کے 21 دسمبر کو ڈی ڈی سی انتخابات کی ووٹنگ سے ایک دن قبل پی ڈی پی کے سینئر لیڈران نعیم اختر اور سرتاج مدنی کو حراست میں لیا گیا تھا جبکہ پارٹی کے یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کو ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے پانچ روز بعد یعنی 25 نومبر کو این آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔ تینوں ہنوز مقید ہیں۔