بالائی علاقوں میں کافی برف باری ،میدانی علاقوں میں بارشوں کی زورآزمائی
کشمیرمیں16 مارچ تک موسم خراب۰ 14 اور15 مارچ کو پھر برف وباراں متوقع:محکمہ موسمیات
جے کے این ایس
سرینگر؍؍ بدھ اورجمعرات کوبارشوں کاسلسلہ جاری رہنے اورپھردوران موسلا داربارشیں لگاتا ر جاری رہنے کے بعدجہاں دریائے جہلم اورجنوبی کشمیر میں واقع اہم وبڑے نالوںبشمول نالہ ویشو،نالہ رنبیار اورنالہ لدرمیں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہواہے ۔سنگم بجبہاڑہ ،رام منشی باغ سری نگر اورعشم سونہ وار ی کے مقام پر جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ،اورپانی کی سطح میں اضافہ ہونے کاسلسلہ جاری ہے ۔تاہم محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیر کے اعلیٰ انجینئروں کاماننا ہے کہ ابھی وادی میں سیلاب کاکوئی خطرہ لاحق نہیں ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ ھٰذاکے حکام کہتے ہیں کہ بارشوں کازیادہ زورشمالی کشمیر میں درج کیاگیا ہے جبکہ اسکے مقابلے میں جنوبی کشمیر میں کم بارشیں ہوئی ہیں ۔ محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیرکے ایک سینئرعہدیدارنے میڈیا کوبتایاکہ کشمیروادی میں دریائے جہلم سمیت بیشتر آبی ذخائر میں ابھی پانی کی سطح خطرے کے نشان سے کافی نیچے ہے ۔محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کشمیر کی جانب سے جمعہ کودن کے جاری کردہ معلومات کے مطابق سنگم بجبہاڑہ کے مقام پرشام 5بجے تک دریائے جہلم میں پانی کی سطح کی پیمائش6.40فٹ،رام منشی باغ سری نگرکے مقام پر6.27فٹ اورعشم سونہ وار ی کے مقام پرجہلم میں پانی کی سطح3.70فٹ ریکارڈکی گئی ۔محکمہ آبپاشی وسیلاب کنٹرول کشمیر کے حکام نے بتایاکہ ابھی دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشانات سے نیچے ہے ،اسلئے فی الوقت کشمیر وادی میں سیلاب کاکوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے مزیدجانکاری فراہم کی کہ دریائے جہلم سے منسلک معاون ندی نالوں میں پانی کی مقدار اورسطح میں اضافہ ہواہے ،تاہم ابھی کسی بھی بڑی ندی یانالے میں سیلابی صورتحال جیسی حالت نہیں ہے ۔انہوںنے بتایاکہ جمعہ کے روزدن کے ایک بجے کھڈونی کولگام میں نالہ ویشومیں پانی کی سطح 5.29میٹر،وچی شوپیان میں نالہ رنبیارمیں پانی کی سطح0.71میٹر،بٹہ کوٹ پہلگام کے مقام پر لدرنالہ میں پانی کی سطح0.35میٹر،سری نگرمیں برزلہ کے مقام پرنالہ دودھ گنگا میںپانی کی سطح1.96میٹر اورضلع گاندربل میں ددرہامہ کے مقام پرنالہ سندھ میں پانی کی سطح 0.55میٹر ناپنی گئی ۔خیال رہے نالہ ویشومیں خطرے کانشان7میٹر،لدرنالہ میں 1.35میٹر،رنبیارنالہ میں5.7میٹر ۔دودھ گنگانالے میں1.65میٹر اورنالہ سندھ میں خطرے کانشان3.35میٹر مقررکیاگیا ہے ۔جہاں تک دریائے جہلم کاتعلق ہے توسنگم بجبہاڑ ہ کے مقام پر اس بڑے دریامیں خطرے کانشان18تا21فٹ،رام منشی باغ سری نگرمیں16تا18فٹ ،پانپورمیں3.85تا4.45اورعشم سونہ واری میں خطرے کانشان14فٹ مقررکیاگیا ہے ۔وادی کے اطراف واکناف میں گزشتہ48گھنٹوں سے بالعموم اوردوران شب بالخصوص جاری رہنے والی موسلاداربارشوں اورگلمرگ سمیت بیشتر بالائی مقامات پر تازہ برف باری ہونے کے بعدجمعہ کے روز پورے دن وقفے وقفے سے برف وباراں کاسلسلہ جاری رہا۔بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے اورمرمت کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ کوجمعہ کے روزٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندرکھاگیا۔ادھررات بھر مسلسل بارشیں ہونے کے باعث سری نگرشہر میں سیول لائنز سمیت متعددعلاقوں میں سڑکیں ،گلی کوچے اورچوراہے زیرآب آگئے ،جسکے باعث عوامی نقل وحمل اورمعمول کی کاروباری سرگرمیاں بری طرح سے اثرانداز رہیں ۔اس دوران وسطی ،شمالی اورجنوبی کشمیر میں کہیں برف باری توکہیں بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے سے معمول کی عوامی اورکاروباری سرگرمیاں مسدودہوکررہ گئیں جبکہ اسکولی طلباء اور طالبات کوبھی خراب موسمی صورتحال کے باعث مشکلات اوردشواریوں کاسامنا کرناپڑا۔اس بیچ سادھناٹاپ پرہوئی بھاری برف باری کے بعدکپوارہ ،کرناہ شاہراہ کوحکام نے تاحکم ثانی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندکردیاہے۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر میں گذشتہ48 گھنٹوں سے بالائی علاقوں بشمول مشہورسیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں تازہ برف باری اورسری نگرشہرسمیت میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ رُک رُک کر جاری ہے جس سے سردی میں ایک بار پھر اضافہ درج ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 سینٹی میٹریعنی 15انچ تک تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ اس سیاحتی مقام پر گذشتہ 5 دنوں کے دوران اب تک کل105.1 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔ادھر ضلع بارہمولہ میں دوسے چارانچ تک تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ کپوارہ ضلع میں بھی ہلکی تابھاری برف باری ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ۔اس سرحدی ضلع میں کرناہ شاہراہ پرواقع بالائی علاقہ سادھناٹاپ پر3فٹ سے زیادہ ،مژھل میں 8انچ سے زیادہ اورزیڈگلی پر9انچ سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے ۔جنوبی کشمیر میں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں ایک سینٹی میڑ برف ہوئی ہے ۔جہاں تک میدانی علاقوں میں جاری بارشوں کاتعلق ہے توسری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یعنی جمعہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک 27.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔سری نگرائرپورٹ علاقہ میں 33.8ملی میٹر،قاضی گنڈمیں 28.8،پہلگام میں 35.9،کپوارہ میں66.0،کوکرناگ میں16.4،گلمرگ میں 45.6،پانپورمیں21.0،اونتی پورہ میں28.1،اننت ناگ میں28.0،کھڈونی کولگام میں 20.0،شوپیان میں18.0،کولگام میں35.0،بٹہ کوٹ پہلگام میں23.5،سنگم بجبہاڑہ میں22.5،گاندربل میں48.5،عشم سونہ واری میں63.5اورآری زال بیروہ بڈگام میں جمعہ کی صبح ساڑھے 8بجے تک مجموعی طورپر56.0ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ۔ادھر وادی میں برف وباراں کی وجہ سے سردی میں اضافہ درج ہونے کے باعث لوگوں نے جہاں ایک بار پھر گرم لباس اور کانگڑیوں کا استعمال کرنا شروع کیا ہے، وہیں دفاتر، گھروں اور دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے الیکٹرک آلات کا استعمال بھی دوبارہ کیا جا رہا ہے۔رواں برف وباراںکے بعدگرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں تازہ برف باری ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا بارشوں کی وجہ سے وادی کے شہر وقصبہ جات اوردیہات کی سڑکیں، سڑکیں کم جھیل جھرنے زیادہ نظر آ رہی ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر بنے گڑھوں میں جمع پانی سے جب گاڑیوں چلتی ہیں تو چھینٹیں دور دور تک پیدل چلنے والوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچوں کے لئے گھروں سے باہر نکلنا محال بن گیا ہے کیونکہ کیچڑ سے بھری سڑکوں پر چلنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ادھرسادھناٹاپ پرہوئی بھاری برف باری کے بعدکپوارہ ،کرناہ شاہراہ کوحکام نے تاحکم ثانی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندرکردیاہے۔وہیںمحکمہ موسمیات نے جمعہ کی شام سے موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری آنے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وادی کشمیر میں موسم 16 مارچ تک خراب رہ سکتا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 16 مارچ تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں موسم 16 مارچ تک خراب رہ سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں اگرچہ 12مارچ کی شام سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوسکتی ہے لیکن 14 اور15 مارچ کو پھر برف وباراں متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے وادی کے بعض مقامات پر مٹی اور برفانی تودے گر آنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موسمی صورتحال میں جمعہ کی سہ پہر سے بہتری کی توقع ہے ، تاہم انہوں نے بھی یہ واضح کیاکہ 16 مارچ تک کشمیرمیں مطلع ابر آلود اور غیر یقینی رہنے کے باعث موسمی صورتحال جوں کی توں رہے گی۔