کووڈ سرشار ہسپتالوں کی فہرست سے گاندھی نگر ہسپتال کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا مطالبہ کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍سماجی کارکن بلوندر سنگھ نے یہاں اپنے ایک بیان میں ایل جی کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر اور فنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈلو سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ سرشار ہسپتالوں کی فہرست سے گاندھی نگر ہسپتال کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے ۔انہو ں نے کہا کہ گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر کو غیر کووڈ قرار دیا جائے ۔موصوف نے کہا کہ گزشتہ برس مارچ کے مہینے میں مذکورہ ہسپتال کو کووڈ ہسپتال قرار دیا گیا تھا اور عام عوام کیلئے خدمات کو منسوخ کردیا گیا تھا ۔سنگھ نے کہاکہ مذکورہ ہسپتال میں او پی ڈی خدمات شروع کی گئی ہیں لیکن ای جی لیب خدمات،آئی پی ڈی خدمات اور حتیٰ کہ آپریشن تھیٹر کو بند رکھے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بنیادی خدمات کو ہسپتال میں منسوخ رکھنے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے اس سلسلے میں ایل جی کے مشیر اور فنانشل کمشنر اٹل ڈلو سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گاندھی نگر ہسپتال کو غیر کووڈ قرار دیا جائے ۔