صفائی کرمچاریوں کی کمی کامعاملہ میونسپل کونسل سوپورمیں رسہ کشی کاموجب

0
0

کرمچاریوں نے میونسپل کونسلروں کویرغمال بناکر اُن کیخلاف نعرے بازی
سوپور؍؍صفائی کرمچاریوں کی کمی کامعاملہ میونسپل کونسل سوپورمیں رسہ کشی کاموجب بن گیاہے ،کیونکہ گزشتہ روز یہاں صفائی کرمچاریوں کے ایک گروپ نے میونسپل کونسلروں کویرغمال بناکر اُن کیخلاف نعرے بازی کی ۔کونسلر مسرت رسول کار نے اس نعرے بازی کوکسی کاسازشی ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے کہاکہ کونسلروں نے قصبہ میں صحت وصفائی کے عمل کوبہتر بنانے کیساتھ ساتھ صٖفائی کرمچاریوں کے حقوق کی بات کہی ،لیکن اُن کوکسی نے گمراہ کیا۔معلوم ہواکہ سوموار کے روز سوپور میونسپل کونسل کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں سبھی اکیس وارڈوںکے کونسلروں نے شرکت کی ۔اس میٹنگ میں موجود نیشنل کانفرنس ،بھاجپا ،پی ڈی پی اورآزادکونسلروں نے قصبہ میں صحت وصفائی کے عمل پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے ایگزیکٹو آفیسر کویہ تجویز دی کہ جب تک افرادی قوت کامعاملہ حل نہیں ہوتاہے ،تب تک کونسل میں درج 137صفائی کرمچاریوںکو21میونسپل وارڈوں میں برابری کی بنیاد پرتعینات کیا جائے ۔کونسلروں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ صٖفائی کرمچاریوں کیخلاف عوامی شکایات کاسلسلہ بندکرانے کیلئے صفائی کرمچاریوں کومتعلقہ کونسلرکے پاس جاکرحاضری دینے کاپابندبنایا جائے ۔ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسلر سوپور کی زیرصدارت میٹنگ میں شامل کونسلر مسرت کار نے بتایاکہ میٹنگ کے دوران جب ایگزیکٹو افسرمیٹنگ ہال سے باہر نکلے توباہر جمع صٖفائی کرمچاریوں نے مذکورہ افسرکے حق میں اورکونسلروں کیخلاف نعرے بازی شروع کی ۔انہوںنے بتایاکہ میٹنگ ہال میں موجود کونسلر جن میں کئی خواتین بھی شامل تھیں ،باہر ہورہی نعرے بازی سے سہم گئے ،اورہم نے فیصلہ لیاکہ کوئی باہرنہیں جائیگا۔کونسلر مسرت رسول کار کامزیدکہناتھاکہ سوپور میونسپل کونسل میں تعینات137صفائی کرمچاریوںکوبرابری کی بنیادپر قصبہ کے سبھی میونسپل وارڈوں میں تعینات کرنے کی ہدایت ڈائریکٹر لوکل باڈیز نے دی ہے ،اوراسی ہدایت پر عمل کیاگیا ،لیکن ہم یہ سن کرحیران ہوئے کہ کونسل میں درج اورتنخواہ لینے والے کل137کرمچاریوں میں سے صرف 105کو21میونسپل وارڈوں میں بھیجاگیا ہے اورباقی32کرمچاریوںکاکوئی اتہ پتہ نہیں کہ وہ کہاں پرتعینات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مزیدبتایاکہ 137میں سے 79کرمچاری مستقل اورباقی کنسالڈیٹیڈ بنیادوں پرکام پرلگائے گئے ہیں ۔کونسلر مسرت کار نے کہاکہ نعرے بازی کے دوران جب وہ میٹنگ ہال سے باہر آئیں توکرمچاریوں نے ہم سے کوئی بھی بات کرنے سے صاف انکارکیا لیکن جب میں نے اُن سے کہاکہ ہم یعنی کونسلرآپ لوگوں کی فلاح وبہبود اورحقوق کی بات کرتے ہیں توکچھ صفائی کرمچاریوںنے بتایاکہ ہمیں آپ لوگوںکیخلاف گمراہ کرکے نعرے بازی اورہنگامہ آرائی کیلئے اُکسایاگیا۔انہوں نے کہاکہ کرمچاریوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے اورپتھر بھی تھے لیکن جب ہم نے اُن کے سامنے صحیح صورتحال رکھی توبیشتر کرمچاری شرمندہ ہوئے ۔مسرت رسول کار نے بتایاکہ ہم اسلئے آپ کی حاضری کی بات کرتے ہیں تاکہ کل کوکسی وارڈ کاکوئی بھی شخص یہ نہ کہے کہ کرمچاری نہیں آتے ہیں ۔خاتون کونسلر کے بقول جب میں نے کرمچاریوںکوبتایاکہ ہم آپ لوگوں کووہ حقوق اورمراعات دلانے کیلئے کوشاں ہیں ،جو آپ کوحاصل ہیں لیکن آپ کونہیں دئیے جاتے ہیں توکرمچاریوںکاغصہ ٹھنڈاہوگیا۔کونسلر مسرت کار نے کہاکہ ہم مانتے ہیں کہ صفائی کرمچاری میونسپل اداروں کیلئے ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،اوراس غریب طبقے کوجوحقوق دئیے گئے ہیں اورجومراعات اُنکودی گئی ہیں ،وہ حقوق اورمراعات اُنھیں دی جائیں ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا