پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کا ایک ٹویٹ بنا پورے جموں و کشمیر کے لئے خوشی کا باعث

0
0

جموں وکشمیر میں فورجی انٹرنیٹ خدمات بحال،عوام میں خوشی کی لہر
افضل ضیاء

تھنہ منڈی//حکومت جموں و کشمیر کے ترجمان اور بجلی و اطلاعات کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ پورے جموں و کشمیر میں تیز رفتار (4جی) انٹرنیٹ خدمات کو جلد بحال کیا جا رہا ہے۔اس خبر سے پورے خطے میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔تھنہ منڈی کے تاجروں،دینی، سیاسی اور سماجی رہنماؤں،مزدوروں،نوجوانوں اور خاص کر طالب علموں نے اس موقع پر لازوال سے بات کرتے ہوئے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور ان تمام قائدین و عمائدین کا شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے تیز رفتار فور جی موبائل انٹرنیٹ سروس کو از سرے نو بحال کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔یاد رہے کہ حکمراں جماعت بی جے پی نے آئین کے دفعہ 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے اور ریاست کو دو الگ الگ حصوں میں تقسیم کرنے سے چند گھنٹے قبل، یعنی5 اگست 2019 کو پورے جموں و کشمیر سے انٹرنیٹ خدمات کو مکمل طور پر منقطع کردیا تھا۔لیکن بعد میں کم رفتار یا 2 جی انٹرنیٹ سروس 25 جنوری 2020 کو بحال کردی گئی تھی ،البتہ 4جی انٹرنیٹ پر وقفے وقفے سے بندشوں کا نفاذ جاری رہا۔ جس نے نہ صرف جموں و کشمیر کے لاکھوں طلباء کے تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کیا،بلکہ تیز رفتار 4جی انٹرنیٹ کی عدم دستیابی سے یہاں کے تاجروں، کاری گروں،صنعت کاروں،سرمایہ کاروں،فنکاروں اور مزدوروں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے.اس کے علاوہ جموں کشمیر کی زراعت و سیاحت پر بھی بڑے پیمانے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔دوسرے الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ صنعتی اور معاشی بدحالی کی وجہ سے زندگی کا ہر طبقہ متاثر ہوا ہے اور مالی مشکلات کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔لہذا ایسی بدتر اور غیر یقینی صورتحال میں حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کے روشن مستقبل کے تحفظ کے لئے فور جی موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کو ایک خوش آئند قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا