لازوال ڈیسک
جموں؍؍ارکان پارلیمان ، سابق رُکنِ پارلیمنٹ ، سابق وزراء اور عوامی وفود آج لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے راج بھون میں ملے ۔ وفود کے ارکان نے جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں فور جی انٹر نیٹ خدمت کی بحالی کیلئے حکومت کا شکریہ ادا کیا رُکنِ پارلیمان نذیر احمد لاوے نے لفٹینٹ گورنر کو کلگام میں سڑک رابطہ اور بجلی سے متعلق مختلف مسائل کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوںنے لفٹینٹ گورنر کو ضلع ہسپتال کلگام میںبجلی کی سپلائی کو مستحکم بنانے کی جانب بھی توجہ دلائی ۔ رُکن پارلیمان میر محمد فیاض بھی لفٹینٹ گورنر سے ملے اور انہیں کپواڑہ میں بجلی اور پانی کے ترسیلی نظام کی توسیع سے متعلق معاملات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے ضلع ہسپتال کپواڑہ میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا معاملہ بھی دورانِ ملاقات اٹھایا ۔ دریں اثنا سابق وزیر اور سابق رُکنِ پارلیمان چودھری طالب کی قیادت میں ایک عوام وفد نے لفٹینٹ گورنر کو یو ٹی میں ڈی ڈی سی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ وفد نے قبائلی طبقے کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل بھی پیش کئے ۔ سابق وزیر چندر پرکاش گنگا اور سابق قانون ساز سریندر امباردار نے لفٹینٹ گورنر کے ساتھ اعلیحدہ اعلیحدہ ملاقات کے دوران عوامی افادیت کے حامل مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسی طرح جموں ہیری ٹیج سوسائیٹی کا ایک وفد ادارے کے صدر بھونیشور گنڈوترہ کی قیادت میں لفٹینٹ گورنر سے ملا اور انہیں مانگوں کی ایک یاداشت پیش کی ۔ جس میں جموں کو ایک آزادانہ سیاحتی منزل کی حثیت سے ترقی دینے ، ہیری ٹیج اور سرحدی سیاحت کو فروغ دینے ، گھرانہ آبگاہ کی ترقی و تحفظ ، ہیری ٹیج عمارات کے تحفظ ، مانتلائی ، کرمچی ، مانسر اور سرویں سر کی ترقی ، جموں کے توی فرنٹ گنڈولہ اور شو کھوڑی کی توسیع و ترقی ، میوزیکل فاؤنٹین اور مصنوعی جھیل کے قیام کی مانگیں شامل تھیں ۔ صدر مغربی پاکستان ریفوجی ایکشن کمیٹی لابھا رام گاندھی بھی لفٹینٹ گورنر سے ملے اور انہیں مغربی پاکستانی ریفوجیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کو بغور سُنا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل اور مانگوں پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔