(نانا کا ترانہ)
مرغوب اثرؔ فاطمی
موبائل : 9431448749
وہ جو ’عبدالباری‘ ہے
’عازم‘ پر طاری ہے
تُتلی سی زبان اُس کی
بڑی پیاری پیاری ہے
ہاتھوں میں ہے اک گڈا
کاٹھی کی سواری ہے
جانے کی ولیمہ میں
کتنی تیاری ہے
’ریشان‘ اور ’مازیہ‘ کی
اِترانے کی باری ہے
کیوں بیر کتابوں سے
کیا کچھ لاچاری ہے؟
ہتھیانے کو موبائل
بس مارا ماری ہے
ممّی کی سنیں شاید
پر کام یہ بھاری ہے
ضد کرنا ، منوانا
برسوں سے جاری ہے
ہر حال میں ماں لیکن
اولاد پہ واری ہے
فطرت میں لڑکپن کی
اک خودمختاری ہے
ہے لاڈ بھلا لیکن
تلوار دو دھاری ہے
مشکل ہو بھلے سختی
لیکن ہِت کاری ہے
ماں باپ کی تربیت
میٹھی سی کٹاری ہے
کانٹوں سے بھری دنیا
بچپن پھلواری ہے
کَل نام کریں روشن
کوشش یہ ہماری ہے
اثرؔ ایک توازن ہو
اس میں ہُشیاری ہے
٭٭٭
روڈ نمبر ۷، محلہ علی گنج
گیا۔823001(بہار)