’آنے والے دنوں میں کئی مشکلیں آئیں گی‘

0
0

افواہوں سے بچیں، ہماری ویکسین دنیا کی سب سے مؤثر اور سستی: منوج سنہا
ؒلازوال ڈیسک

جموں؍؍جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ بھارت کی تیار کردہ کورونا ویکسین سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کورونا ویکسین دنیا کے کسی بھی ملک میں تیار کردہ ویکسین سے زیادہ موثر اور سستی ہے۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر کے لفٹینٹ گورنر منوج سنہا جنہوں نے وزیر اعظم مودی کے ورچول پروگرام میں جی ایم سی جموں میں شرکت کی کو اس موقعہ پر ایک تاریخی موقعہ قرار دیتے ہوئے اسے کورونا وائیررس اور فرنٹ لائین ورکروں کے نام منصوب کیا ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر نے جی ایم سی جموں کے سینی ٹیشن انچارج کو پہلا ٹیکہ لگوا کر مہم کا آغاز کیا ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان ، چیف سیکرٹری ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ، انتظامی سیکرٹری ، پرنسپل جی ایم سی جموں اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔منوج سنہا نے مہم کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’آنے والے دنوں میں کئی مشکلیں آئیں گی۔ یہاں جو لوگ بیٹھے ہیں ان سے میں اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ کچھ لوگ کوشش کریں گے اور کچھ لوگ کوشش کر رہے ہیں۔ کورونا ٹیکوں سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ یہ ٹیکہ ہر لحاظ سے صحیح اور کارگر ثابت ہوا ہے۔ یہ ٹیکہ دنیا کے کسی بھی ٹیکے سے زیادہ موثر اور سستا ہے۔ اس لئے کسی بھی افواہ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘کورونا ٹیکہ کی تیاری ہم سب کے لئے فخر کا موضوع ہے۔ دیش کے سائنسدانوں یا جن لوگوں نے یہ ویکسین بنائی ہے آج پورا دیش انہیں سلوٹ کر رہا ہے۔ دنیا کا سب سے سستا ٹیکہ ایجاد کرنا بھارت کے سائنسدانوں کی قابلیت کا عکاس ہے’۔لیفٹیننٹ گورنر نے کورونا وارئرس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: ‘پچھلے دس ماہ کے دوران جس طرح سے آپ نے لوگوں کا خیال رکھا ہے میں سمجھتا ہوں کہ وہ کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔ ایک وہ وقت تھا جب دور دور تک امید کی کوئی کرن نظر نہیں آ رہی تھی۔ آپ نے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی پروا کئے بغیر جو کام کیا ہے اس کی سراہنا کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ آپ کے جذبے اور خلوص سے ہی جموں و کشمیر کے لوگ مشکل دور سے باہر نکل پائے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘جب بھی اس ملک کی تاریخ لکھی جائے گی تو کورونا اور ما بعد کورونا صورتحال سے متعلق بھی لکھا جائے گا۔ ملک کی تاریخ میں کورونا وارئرس کی خدمت کو سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا’۔منوج سنہا نے کہا کہ دوسری ریاستوں کے مقابلے میں جموں و کشمیر کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ثابت ہوا ہے جس کے لئے کورونا وارئرس کا کنٹرییوش قابل سراہنا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘تیاری ہماری پوری ہے۔ آج جن کو ٹیکہ لگے گا انہیں یہ نہیں ماننا چاہیے کہ وہ پوری طرح سے محفوظ ہو گئے ہیں۔ 28 بعد دوسرا ٹیکہ لگے گا۔ دوسرے ٹیکے کے 14 دن بعد آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہم خطرے سے باہر ہیں۔ ٹیکہ کاری کے بعد بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے’۔لفٹینٹ گورنر نے کورونا وائیرس کو ختم کرنے کیلئے ٹیکہ کاری شروع کرنے کو بھارت کی تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقعہ آنے والی نسلوں تک یاد رہے گا ۔ ٹیکہ کاری پروگرام کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت نے 1294 نجی اور 1177سرکاری سہولیات کی نشاندہی کی ہے اور ساتھ ہی 5400ٹیکے لگانے والوں اور 14481 ممکنہ ٹیکے لگانے والوں کی نشاندہی کی ہے اس کے ساتھ ہی صوبائی اور ضلع سطح پر کنٹرول روم ، کال سنٹر قائم کئے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ نے کووڈ ٹیکہ کاری کا ڈرائی رن کا بھی انعقاد کیا اور 1053 مقامات کی ٹیکہ کاری عمل کیلئے نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں 28 لاکھ لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں پہلے اور دوسرے مرحلے میں ترجیحی بنیاد پر ٹیکے لگائے جائیں گے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا