کشمیروادی میں مسلسل 7ویں روزبھی معمولاتِ زندگی درہم برہم ،کاروباری سرگرمیاں عملاً مفلوج

0
0

سڑکوں پرپھسلن،گاڑیوں کی آواجاہی میں خلل
درماندہ مال بردارگاڑیوں کی کشمیر آمد کاسلسلہ جاری،سوموار کودرماندہ گاڑیوں کوجموں جانے کی اجازت
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍حالیہ دنوں کے دوران ہونے والی برف باری کے باعث شہرسری نگر سمیت وادی کے بیشتراضلاع میں مسلسل ساتویں روز بھی معمول کی عوامی نقل وحمل اورکاروباری سرگرمیاں متاثری رہیں جبکہ دوران شب سری نگرمیں ہوئی ہلکی برف باری نے سڑکوں پرپھسلن بڑھادی ۔اس دوران سری نگرجموں شاہراہ پر اتوار کے روز بھی درماندہ گاڑیوں کومنزل کی جانب روانہ ہونے کی اجازت دی گئی جبکہ ٹریفک پولیس نے اعلان کیاکہ موسمی صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں سوموار کے روز درماندہ پڑی مال بردار اورچھوٹی گاڑیوں کوسری نگرسے جموں جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ادھرمحکمہ موسمیات نے اپنی اس پیشگوئی کودوہرایاکہ اگلے دوروزتک موسم مجموعی طورپرخشک رہنے گاتاہم 14جنوری سے موسمی صورتحال میں پھرتبدیلی رونماہوسکتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کشمیرمیں چلہ کلان اپنے پورے شباب پرہے کیونکہ آئے دنوں ہونے والی برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوئے ہیں ۔دوران شب سری نگرمیں تقریباًاڑھائی انچ تازہ برف باری ہونے کے باعث اتوار کی صبح سڑکوں پرموجود پھسلن کافی بڑھ گئی تھی ،جس وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت میں کافی خلل پڑا جبکہ لوگوں کوعبور ومرورمیں سخت دشواریوں کاسامنا کرناپڑا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ سری نگرشہر میں سنیچر اوراتوار کی درمیانی رات اڑھائی انچ برف باری ریکارڈکی گئی ،تاہم شبانہ درجہ حرارت میں بہتری پائی گئی ،جسکے تحت دوران شب سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6ڈگری سیلشیس درج کیاگیاجبکہ اسے پہلے والی رات یہاں رات کاکم سے کم دورجہ حرارت منفی چارڈگری سلیشیس ریکارڈکیاگیا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والی بھاری برف باری کے بعدسے وادی بھرمیں یخ بستہ اوربرفانی ہوائیں چل رہی ہیں تاہم سردی کی شدت میں کمی ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیہات نے اپنی اس پیشگوئی کودوہرایاکہ اگلے دوروزتک کشمیروادی میں موسم خشک رہنے کاامکان ہے تاہم اس دورا ن کہیں کہیں ہلکی برف باری یابارش ہوسکتی ہے ۔،محکمہ موسمیات نے بتایاکہ 13جنوری تک کشمیروادی میں موسم بہتر رہنے کاامکان ہے تاہم 14جنوری سے موسمی صورتحال میں پھرتبدیلی آسکتی ہے ۔اس دوران اتوار کے روزبھی کشمیروادی میں معمولات زندگی بری طرح سے متاثررہے ،اورلوگوں کوگاڑیوں میں سفرے دوران یاپیدل چلتے وقت آنے جانے میں سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔لوگوں نے الزام لگایاکہ ابھی بھی سری نگرشہر کی بیشترسڑکوں اورگلی کوچوں نیزلنک روڑس سے برف نہیں ہٹائی گئی ہے ۔شہر کے لوگوں نے بتایاکہ سڑکوں ،لنک روڑس اورگلی کوچوں میں برف موجودہونے کی وجہ سے عبورومرورمیں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔لالچوک سے صورہ تک اورپھروہاں سے واپس لالچوک تک سفرکرنے والے ایک شہری نے بتایاکہ جاتے وقت آٹورکھشامیں صورہ تک پہنچنے میں تقریباًچالیس منٹ لگے جبکہ وہاں سے سوراج مازدا مسافرگاڑی میں لالچوک پہنچنے میں 70منٹ لگے ،کیونکہ راستے میں جگہ جگہ ٹریفک جام کی صورتحال پیداہوتی رہی ۔اس دوران سری نگرکوشمال وجنوب مختلف اضلاع سے ملانے والی شاہراہوں پربھی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی ۔بتہ مالو سے بارہمولہ تک تویراگاڑی میں سفرکرنے والے مسافروں نے بتایاکہ 57کلومیٹر کایہ سفر جوعام دنوں میں تقریباً75منٹوں میں طے ہوتا ہے ،حالیہ برف باری کے بعدسے اس سفرمیں دوگھنٹے لگ جاتے ہیں ۔اُدھر سری نگرجموں شاہراہ پردرماندہ پڑی مال بردار گاڑیوں بشمول ایندھن سے لدے ٹینکروں کواتوار کے روز بھی کشمیرکی جانب آنے کی اجازت دی گئی تاہم اس دوران کسی بھی گاڑی کومخالف سمت سے چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ٹریفک پولیس کے ذرائع نے بتایاکہ اتوارکے روز درماندہ پڑی مال بردار اورمسافرگاڑیوں کواودھمپور سے بانہال آنے کی اجازت دی گئی ،تاہم شاہراہ پرمختلف سامان اورایندھن سے بھری گاڑیاں کشمیر پہنچ سکیں ۔حکام نے بتایاکہ سوموار کے روزگاڑیوں کوسری نگرسے جموں روانہ ہونے کی اجازت دی جائیگی ۔تاہم یہ اجازت صرف چھوٹی مسافرگاڑیوں کوہی ہوگی ۔انہوں نے بتایاکہ سوموار کے روز کسی بھی گاڑی کومخالف سمت سے چلنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا