2004میں مسلح تصادم کے بعدسے طبی سب سینٹرکی تعمیرتعطل کاشکار
احسان انقلابی
مینڈھر؍؍ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے بلاک بالاکوٹ کے تحت آنے والے سنگیوٹ کے علاقے گاؤں چنڈیال میں ہیلتھ سب سنٹر کا تعمیراتی کام پچھلے 23 سالوں سے تعطل کا شکار ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 1997 میں، سب سینٹر، چنڈیال کی تعمیر کا کام محکمہ دیہی ترقی (آر ڈی ڈی) نے شروع کیا تھا، جس کو دیوار پلیٹ کی سطح تک لے جایا گیا تھا۔ اس کے بعد اس علاقے میں جنگجوئوںکے ساتھ انکاؤنٹر ہوا جس میں 2004 میں دو جنگجو مارے گئے تھے، اس دوران زیر تعمیر سب سینٹر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔ آج تک کسی نے بھی اس مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی۔مقامی رہاشیوں محمد خان، محمد تاج، علی داد اور دیگر نے بتایا کہ ہمارا گاؤں ایک پسماندہ علاقہ ہے۔ یہ مینڈھر سب ڈویژن کا آخری گاؤں ہے جہاں نہ تو کوئی سڑک ہے اور نہ ہی کوئی دوسری سہولت۔ انہوں نے بتایا کہ اس گاؤں کی آبادی 700 سے 800 روحوں پر مشتمل ہے لیکن ایمرجنسی کے دوران سڑک پر کئی میل پیدل سفر کرنے کے بعد یا تو کسی کو سرنکوٹ یا راجوری جانا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ معاملہ میندھار کے مقامی انتظامیہ اور اس علاقے کے سیاستدانوں کے ساتھ بھی اٹھایا لیکن انہوں نے صرف غلط یقین دہانی کرائی۔مشتعل دیہاتیوں نے ریاست خطہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، ایم کے سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے پر توجہ دیں اور اس عمارت کی تکمیل کے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے اس منصوبے کے لئے منظور شدہ، استعمال شدہ اور بھیجے گئے فنڈز کی کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر، ڈاکٹر پرویز خان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کا نوٹس لینے کے بعد مکمل تفصیل کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔ آر ڈی ڈی نے اس عمارت کی تعمیر 1997 میں شروع کی تھی۔ بی ایم او نے بتایا کہ اس عمارت کی تکمیل نہ ہونے اور اس کے پیچھے اس کی وجہ کے بارے میں انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو خط لکھا ہے۔