ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات دیہی عوام کے روشن مستقبل کا ضامن،صحیح فیصلہ لیناہوگا

0
0

فرقہ پرست اورمفادپرست قوتوں کوشکست فاش کرکے جموں وکشمیرکے مستقبل کوتابناک بناناہوگا:شمیم بیگم
عائشہ خان:محمد جعفر بٹ

جموں؍؍ ڈی ڈی سی انتخابات کے چلتے جہاں سابقہ وزراء،و ارکان قانون سازیہ اس چناو میں حصہ لے رہے ہیں تو وہیں نوجوان بھی اس الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،جسے رائے دہندگان میں بھی کافی جوش وخروش نظر آ رہا ہے۔ڈی ڈی سی حلقہ ڈنسال سے پیپلز الائنس کی حمائت سے شمیم بیگم نیشنل کانفرنس کی کی امیدوار ہیں،جنھوں نے یہاں ’لازوال ‘سے خصوصی بات چیت کے دوران انتخابات میں حصہ لینے کی وجہ بتائی۔آپ کو بتا دیں کہ شمیم بیگم کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے ہے اور عوام کی خدمت کا جذبہ اور سیاست انہیں وراثت میں ملا ہے۔انہوں نے نمائیندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں کے لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،اور اسی کے چلتے میں یہ فیصلہ لیا کہ مجھے سیاست میں قدم رکھ کر عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔چونکہ میرے گھر کے بزرگوں نے بھی اپنی ساری عمر خدمت خلق میں گزاری اور مجھے بھی ان کے طریقے پر چلتے ہوئے عوام کے کام آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مرکز سے بھاجپا کے بڑے بڑے لیڈر اپنے امیدواروں کے لئے چناوی مہم میں مشغول ہیں،لیکن انہیں یہ نہیں پتہ کہ ہم نے جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا ہے۔شمیم بیگم نے مزید یہ بھی کہا کہ 5اگست2019جس دن ریاست جموںو کشمیر کی خصوصی پہچان چھینی گئی تھی اور بھاجپا نے یہ جھوٹے دعوے کئے تھے کہ اب یہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا ،لیکن بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ نہ ہی روزگار ملا اور نہ ہی یہاں کی عوام کی زمینیں محفوظ رہی۔اور پھر بھی بھاجپا کے بے شرم لیڈر آج ووٹ مانگنے کے لئے یہاں کی عوام کے سامنے جھولیاں پھیلا رہے ہیں۔گجر بکروال طبقہ کے مسائیل پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے اس طبقہ کو جھوٹے خواب دکھائے جا رہے ہیں،لیکن کبھی کسی پارٹی یا سیاسی لیڈر نے ان کی بھلائی نہیں کی۔آج بھی اس طبقہ کے لوگ زمانہ قدیم کی زندگی جینے پر مجبور ہیں،جس طرح ایک عام انسان کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اس طرح گجر بکرول طبقہ کے لوگوں کو نہیں دی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ حلقہ ڈنسال میں آج بھی بہت سی جگہیں ایسی ہیں جہاں ،بجلی، پانی ،جیسی بنیادی سہولیات بھی عوام کو دستیاب نہیں،اور اسکول جانے والے بچے آج بھی پیدل اسکول جاتے ہیں جسے بھاجپا کی کارکردگیاں صاف ظاہر ہوتی ہیں کہ بھاجپا نے عوام کے لئے کیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد بھاجپا نے جموں و کشمیر کی عوام کو بڑے بڑے خواب دکھائے لیکن ،کوئی بھی خواب پورا ہوتے ہوئے نہیں دکھائی دیا۔اور اب جموں و کشمیر کی عوام بھاجپا کی عوام مخالف پالیسیوں سے واقف ہو چکی ہے لہٰذااب وہ وقت آ گیا ہے کہ عوام بھاجپا کو قرارا جواب دے۔انہوں نے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب نے مجھے اس قابل سمجھا کے مجھے مینڈیٹ دیااور ساتھ ہی ساتھ انہوں نے حلقہ ڈنسال کے رائے دہندگان سے یہ اپیل کی کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ دے کر مجھے کامیاب کریں اور خدمت کا موقع بخشیں،تاکہ یہاں کی عوام کو آ رہی پریشانیوں سے نجات دلائی جا سکے۔اُنہوں نے کہاکہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات دیہی عوام کے معیارِحیات کوبدل سکتے ہیں اورگائوں دیہات کامستقبل روشن ہوسکتاہے بشرطیکہ عوام صحیح نمائندوں کاانتخاب کریں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا