جموں کشمیر میں پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ پر جاری کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا
جموں؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بذریعہ پرگتی مرکزی وزارتوں کے سیکریٹریوں ، ریاستوں /یو ٹیز کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ 33 ویں تبادلہ خیال میٹنگ کی صدارت کی ۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے بھی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی ۔ ملک میں زرعی اصلاحات کی عمل آوری کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اصلاحات ملک میں تبدیلی لانے کے مقصد سے کئے گئے ہیں اور ریاستیں اور یو ٹیز عالمی بازاروں تک پہنچنے کیلئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔ کشتواڑ جموں کشمیر میں تعمیر کئے جا رہے ایک ہزار میگاواٹ پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ کی تعمیر کا معاملہ بھی زیر بحث لایا گیا ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پروجیکٹ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا گیا ہے اور پروجیکٹ پر کام سرعت سے جاری ہے ۔ جنوری 2025 تک پن بجلی پروجیکٹ کے تمام سول کام مکمل کئے جائیں گے اور اس کے بعد پروجیکٹ کو چالو کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت تجارت کی جانب سے اٹھائے گئے قدم کے تحت اضلاع کو درآمدی مراکز کے طور ترقی دی جائے گی جس سے بھارت گلوبل ایکسپورٹ چین کا رُکن بننے کی صلاحیت کو بروئے کار لا سکتا ہے ۔ انہوں نے ریاستوں اور یو ٹیز کو اس ضمن میں ایک معقول نظام قائم کرنے کیلئے کہا ۔ وزیر اعظم نے تعطل کا شکار پروجیکٹوں پر کام سرعت سے مکمل کرنے کی متعلقہ ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی اور ان پروجیکٹوں پر جاری کام کی باقاعدہ رپورٹ وزیر اعظم دفتر بھیجنے کیلئے کہا ۔