کانگریس اور گپکار گینگ جموں و کشمیر میں پھر سے دہشت کا دور چاہتا ہے :امت شاہ
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍پیپلز الائنس آف گپکار ڈیکلریشن یعنی عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کو ’’ گپکار گینگ ‘‘ قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگلوار کے روز کہا ہے کہ جموں وکشمیر ،بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ،تھا اور رہے گا ۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ’گپکار گینک ‘ نہ صرف عالمی سطح پر جانا چاہتی ہے بلکہ وہ چاہتی ہے کہ غیر ملکی طاقتیں جموں وکشمیر میں مداخلت کریں ۔تفصیلات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کے روز پیپلز الائنس اور کانگریس لیڈر شپ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سلسلہ وار ٹویٹ کئے ۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کو گپکار گینگ سے تعبیر کیا ۔امیت شاہ سلسلہ وارد ٹویٹ کر تے ہوئے کہا ’یا تو گپکار ۔گینگ قومی مزاج کیساتھ تیرا کی کریں ورنہ لوگ اسے غرقآب کریں گے ‘۔امیت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ جموں و کشمیر ، ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے ،تھا اور رہے گا۔امیت شاہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’گپکار۔ گینگ عالمی سطح پر جانا چاہتی ہے! وہ چاہتے ہیں کہ غیر ملکی طاقتیں جموں و کشمیر میں مداخلت کریں۔ گپکار گینگ نے ہندوستان کے ترنگے کی بھی توہین کی ہے‘۔انہوں نے کانگریس لیڈر شپ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ’ کیا سونیا جی اور راہول جی گپکار گینگ کی ایسی حرکتوں کی حمایت کرتے ہیں؟ انہیں اپنے موقف کو ہندوستانی عوام کے سامنے واضح کرنا چاہئے‘۔امیت شاہ نے مزید کہا ’کاانگریس اور گپکار گینگ کے لیڈران جموں و کشمیر کو دہشت گردی اور ہنگاموں کے دور میں واپس لے جانا چاہتے ہیں، وہ دلتوں ، خواتین اور قبائلیوں کے حقوق چھینا چاہتے ہیں جو ہم نے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے اُنکے حقوق یقینی بنائے ہیں،یہی وجہ ہے کہ انہیں ہر طرف سے مسترد کیا جارہا ہے۔ان کا کہناتھا ’ جموں وکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے ،تھا اور رہے گا‘۔امیت شاہ کا سلسلہ وارٹویٹس میں کہناتھا ’ ہندوستانی عوام اب ہمارے قومی مفاد کے خلاف کسی غیر مہذب ‘عالمی گٹھ بندھن’ کو برداشت نہیں کریں گے،یا تو گپکار گینگ قومی مزاج کے ساتھ تیراکی کریں ورنہ لوگ اسے ڈوبیں گے‘۔