نئی دہلی، 16 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ روحانی رہنماؤں نے جنگ آزادی کے وقت جس طرح سے مختلف علاقوں میں ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے جدوجہد کی تھی‘ اسی طرح اب انھیں مقامی اشیاء کے استعمال کو فروغ دینے کی خاطر عوامی بیداری لانی ہوگی تاکہ ملک ہر طرح سے خود کفیل بن سکے مسٹر مودی نے آج یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے راجستھان کے ضلع پالی میں جین سنت آچاریہ وجے ولبھ سوریشورجی کے مجسمے ’اسٹیچو آف پیس‘ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقامی اشیاء کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ آزادی کے وقت کی طرح روحانی رہنماؤں کو خود کفیل ہونے کا پیغام دینا ہوگا اور مقامی اشیاء کے فوائد کو عام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے عوام نے دیوالی کے وقت مقامی اشیاء کو ترجیح دی‘ اس سے اچھا ماحول بنا ہے اور جوش و ولولہ عام ہوا ہے‘۔
انہوں نے کہا،’میری خوش بختی ہے کہ مجھے ملک نے دنیا کی سب سے اونچے سردرا بلبھ بھائی پٹیل کے ’اسٹیچو آف یونٹی‘ کے افتتاح کا موقع دیا تھا اور آج جین آچاریہ وجے ولبھ جی کے مجسمے ’اسٹیچو آف پیس‘ کا افتتاح کا موقع مل رہا ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ پوری دنیا کو، انسانیت کو امن، عدم تشدد اور بھائی چارے کی راہ دکھائی ہے۔ یہ وہ پیغام ہیں جن کی تحریک دنیا کو ہندوستان سے ملتی ہے۔ اسی رہنمائی کے لیے دنیا ایک بار پھر ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے‘۔
ملک کی تعمیر کے لیے عوام کو بیدار کرنے اور ان کی رہنمائی کرنے میں سنتوں کی حصہ داری کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا،’ہندوستان کی تاریخ آپ دیکھیں تو آپ محسوس کریں گے، جب بھی ہندوستان کو داخلی روشنی کی ضرورت ہوئی ہے، سنت روایت سے کوئی نہ کوئی سورج طلوع ہوا ہے۔ کوئی نہ کوئی بڑا سنت ہر دور میں ہمارے ملک میں رہا ہے، جس نے اس دور کے پیش نظر سماج کو جہت دی ہے۔ آچاریہ ولبھ جی انہی میں سے ایک سنت تھے‘۔