’ایک جٹ جموں‘ عنقریب ایک سیاسی پارٹی بن جائے گی،رجسٹریشن کاعمل جاری:انکورشرما
یواین آئی
جموں؍؍جموں و کشمیر کے سیاسی منظر نامے پر ایک اور سیاسی جماعت عنقریب جلوہ نما ہونے والی ہے کیونکہ ’ایک جٹ جموں‘ نامی تنظیم کا الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعت کا درجہ حاصل کرنے کے لئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔یہ تنظیم جموں وکشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی اور جموں کی تمام اسمبلی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ان باتوں کا انکشاف جمعے کے روز یہاں تنظیم کے صدر انکر شرما نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کے آئین کی بھی نمائش کی گئی۔اس موقع پر موصوف صدر نے کہا کہ ‘ایک جٹ جموں’ اب ایک سیاسی پارٹی بن جائے گی اس کے لئے الیکشن کمیشن میں کارروائی جاری ہے اور آنے والے دنوں میں پارٹی کے نشان اور جھنڈے کی بھی لوگوں کے سامنے نمائش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک جٹ جموں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے جموں کے دس کے دس اضلاع کی اسمبلی نشستوں میں امیدوار کھڑا کرے گی۔موصوف نے کہا کہ ہم جموں کے لئے الگ ریاستی درجے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ جموں کو 70 برسوں کے استحصال سے نجات دلائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگوں کو ‘گپکار گینگ’ سے بچانے کے لئے ‘ایک جٹ جموں’ کے بغیر اور کوئی نہیں ہے۔پریس کانفرنس میں تنظیم کے ایک اور لیڈر نے کہا کہ جموں کے لوگوں کو اگر اپنے تقدیر کا فیصلہ کرنا ہے تو گپکار والوں، جو ملک دشمن ہیں، کو جواب دینا ہے اور یہ دکھانا ہے کہ اب اقتدار جموں کے لوگوں کے ہاتھوں میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فائدہ اسی میں ہے کہ جموں کو الگ ریاستی درجہ دیا جائے۔