نوجوان وکلا کی مالی مدد کے لئے لیفٹیننٹ گورنر سے ملیں گے: بار ایسوسی ایشن جموں
یو این آئی
جموں؍؍ بار ایسوسی ایشن جموں نوجوان وکلا کی مالی مدد کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ملاقات کرے گی۔بار کا کہنا ہے کہ نوجوان وکلا کے پاس گذشتہ سات آٹھ ماہ سے کوئی کام نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مالی دشواریوں کا سامنا ہے۔بار کی ایک رکن نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہمارے نوجوان وکلا کے پاس گذشتہ سات آٹھ ماہ سے کوئی کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہمارے نوجوان وکلا کے پاس گذشتہ سات آٹھ ماہ سے کوئی کام نہیں ہے، وہ بہت زیادہ مسائل سے دوچار ہیں، ہم حکومت سے ان کے لئے گرانٹ طلب کریں گے’۔موصوفہ نے کہا: ‘حکومت نے ہمیں ایک کروڑ روپے گرانٹ دیا تھا لیکن وہ بار کی تحویل میں نہیں ہے اس لئے ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ ان کے لئے ہم لیفٹیننٹ گورنر سے ملیں گے اور ان کے لئے گرانٹ کی فراہمی کی درخواست کریں گے جو ہماری تحویل میں ہو تاکہ ہم ضرورت مند وکلا کو دیں سکیں’۔ایک اور وکیل نے کہا کہ رجسٹریشن کام جو رجسٹرار منصف جوڈیشل مجسٹریٹ کے پاس ہوتا تھا اس کے اختیارات ریونیو افسر کو دیے گئے ہیں جس سے نوجوان وکلا اور عوام کو پریشانیاں ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ کنزیومر فورم کو شفٹ کیا گیا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کو واپس اپنی جگہ پر لایا جائے۔