واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی، یکم نومبر ( یواین آئی) جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس’کووڈ19‘ سے دنیا بھر میں 4.64 سے زائد افراد متاثراور 12 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اورانجینئرنگ سینٹر(سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس نے 46,425,070 افراد کو متاثر اور 1,200,810 افراد ہلاک کیا ہے ۔ اس مہلک ترین وبا سے پوری میں 33,503,608 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
بہرحال امریکہ اور یوروپ سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث دوبارہ ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، برطانیہ میں جمعرات سے غیر ضروری دکانیں اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے جبکہ برطانیہ میں نئی پابندیوں کے دوران اسکول سمیت تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان میں منگل سے ماسک لازمی پہننے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث آسٹریا میں منگل سے رات کے کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔
بیلجیئم میں پیر سے سخت لاک ڈاؤن اور پرتگال میں 4 نومبر سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسپین میں کوروناوائرس کی پابندیوں کے خلاف عوام کا احتجاج جاری ہے جبکہ بارسلونا سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔