یوتھ کانگریس نے اراضی قوانین پر مرکزی سرکار کو بنایا تنقید کا نشانہ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍یوتھ کانگریس اکائی جموں وکشمیر نے اراضی قوانین کے متعلق مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اراضی قوانین کے ذریعے یہاں کی معصوم عوام پر حملہ کیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں جے کے پی وائی سی کے ترجمان ڈاکٹر جہانزیب سروال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا حکومت یہاں کی عوام کے اراضی کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوئی ہے اور ایک بار پھر سے بھاجپا نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ یہ قانون ناقابل قبول ہے اور اسے فوری واپس لینا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ نئے حکمنامے کے تحت یہاں غیر زرعی اراضی لینے کیلئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی ۔موصوف نے کہاکہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر کی عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے اور یہاں کی عوام ،سیاسی جماعتوں اور ذمہ داران کو اعتماد میں لینے کے بغیر یہ قانون پاس کیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مرکزی سرکار نے وفاقی نظام حکمرانی کو نقصان پہنچایا ہے اور جموں و کشمیر میں بھی آمریت پسندی کا اطلاق کیا ہے۔