لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات

0
0

بی جے پی کو 15 اور کانگریس کو 9 نشستوں پر کامیابی ملی
یواین آئی

لیہہ؍؍لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں 22 اکتوبر کو ہونے والے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات کے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ایک بار پھر کونسل بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ کونسل کی جن 26 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی ان کے سرکاری نتائج کے مطابق بی جے پی نے 15، کانگریس نے 9 اور آزاد امیدواروں نے 2 نشستوں پر جیت درج کی ہے۔ اگرچہ کونسل کی نشستوں کی تعداد 30 ہے تاہم چار نشستوں کے لئے کونسلر نامزد کئے جاتے ہیں۔ کونسل بنانے کے لئے 14 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ بات طے ہے کہ اگلی کونسل بھی بی جے پی ہی بنائے گی۔ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے سابقہ انتخابات میں بی جے پی نے 18 نشستوں پر کامیابی درج کی تھی، یعنی اس کو تین نشستوں کا نقصان ہوا ہے۔ ان انتخابات میں حصہ لینے والی عام آدمی پارٹی اپنا کھاتہ کھول نہیں پائی ہے۔ جموں و کشمیر کی علاقائی سیاسی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے ان انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پیر کو ووٹوں کی گنتی انتہائی خوشگوار اور پرامن ماحول میں اختتام کو پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ سبھی 26 نشستوں کے نتائج کا حتمی اعلان کیا جا چکا ہے۔ لیہہ کے سابق چیف ایگزیکٹو کونسلر اور سینئر کانگریس لیڈر رگزن سپلبار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ 30 اراکین کے ہائوس میں اکثریت کے لئے 14 نشستوں پر جیت درج کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘جو دو آزاد امیدوار جیت گئے ہیں وہ بی جے پی کے باغی کارکن ہیں۔ ان کا نعرہ تھا کہ ہمیں سبھی 26 نشستیں جیتیں گے لیکن پچھلے انتخابات کی نسبت انہیں ان انتخابات میں کم نشستیں ملی ہیں’۔ بتادیں کہ ان انتخابات میں 94 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے تھے جن میں بی جے پی کے 26، کانگریس کے 26، عام آدمی پارٹی کے 19 اور 23 آزاد امیدوار شامل تھے۔چھبیس انتخابی حلقوں پر مشتمل ان انتخابات میں 89 ہزار 7 سو 76رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل تھے جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد 44 ہزار 7 سو 50 جبکہ خواتین کی تعداد 45 ہزار 25 تھی۔ ان انتخابات میں زائد از 65 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی۔ لداخ میں کونسل کے انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار بی جے پی کے سرکردہ لیڈران بشمول جی کشن ریڈی، مختار عباس نقوی، کرن رجیجو اور انوراگ ٹھاکر نے اپنی جماعت کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلائی۔ بی جے پی کے لیڈران رائے دہندگان سے یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے تھے کہ چونکہ لداخ کو یونین ٹریٹری کا درجہ بی جے پی حکومت نے دیا ہے لہٰذا آپ کے ووٹ پر ہمارا حق بنتا ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا