حکومت ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے لازمی سہولیات بہم رکھنے کیلئے وعدہ بند ہے: لیفٹیننٹ گورنر
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍بہتر کل کے لئے نوجوانوں کی بااِختیاری لازمی ہے جب ہم نوجونوں کو بااِختیار بناتے ہیں تو ہم قوم کو بااِختیار بنا تے ہیں۔نوجوانوں کو بااِختیار بنا کر معاشی و معاشرتی تبدیلی لانا وقت کا اہم تقاضا ہے جس کے لئے تمام متعلقین کی اِجتماعی کوششیں لازمی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اِن خیالات کا اِظہار آج نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے پروگرام کی بہتر عمل آوری کے لئے طریقۂ کار پر غور و خوض کرنے کے لئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جو کہ یوٹی حکومت نے نوجوانوں کے لئے روز گار کی فراہمی سے متعلق مرتب کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوٹی کے نوجوان کافی باصلاحیت ہیں اور مجوزہ پروگرام اُن کو معاونت فراہم کرنے کے لئے ایک اِدارہ جاتی نظام ثابت ہوگا ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو نوجوانوں کی بااِختیاری کے لئے بہترین عالمی طریقۂ کار اِختیار کرنے کے لئے کہا اور اِس کے ساتھ ہی بزنس سکولوں کو سٹیڈ یز میں شامل کرنے کے لئے کہا۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں خطے میں نوجوانوں میں اعتماد اور اثبات کا ماحول قائم کرنا ہوگا او رنوجوانوں کے مسائل اور ضروریات کی جانب توجہ دینی ہوگی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ یوتھ سینٹر قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ اُنہو ں نے نوجوانوں کے لئے مواقع سِکل ڈیولپمنٹ ، تعلیم ، کھیل کود ، سیاحت ، زراعت اور ان سے منسلک شعبوں کے ذریعے قائم کرنے کے لئے کہا ۔اُنہوں نے کہا جموںوکشمیر یوٹی میں 65فیصد آبادی 37برس کے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت نوجوانوں کو کھیل کود ، روزگار ، تفریح ،تعلیم ،کونسلنگ پروگراموں میں شامل کرنا چاہتی ہے تاکہ اُن کے مستقبل کی تعمیر اُن کی آرزئوں اور اُمنگوں کے مطابق کی جاسکے۔سی ای او مشن یوتھ اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے پروگرام پر ایک مفصل پرزنٹیشن پیش کی او رلیفٹیننٹ گورنر کو نوجوانوں کو بااِختیار پروگرام کے لئے مختلف پہلوئوں کے بارے میںانہیں جانکاری دی۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم،پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا،پرنسپل سیکرٹری بجلی و اطلاعات روہت کنسل ،سیکرٹری سکول ایجوکیشن بشوا جیت کمار سنگھ،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے،سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود ، سیاحت اور ثقافت سرمد حفیظ،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ سیّد عابد رشید شاہ اور دیگر سینئر افسران نے راج بھون میں منعقدہ میٹنگ میںشرکت کی۔