جموں مئیر جے ایم سی چندر موہن گپتا نے آج جہاں سول سیکرٹریٹ میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ مئیر نے لفٹینٹ گورنر کے ساتھ جے ایم سی کی جانب سے کووڈ 19 وباء کی روکتھام کیلئے جاری کوششوں پر غور و خوض کیا اور جموں کے شہریوں کیلئے فیومی گیشن ، صفائی ستھرائی اور دیگر امدادی اقدامات کی فراہمی سے متعلق اُن سے ہدایات طلب کیں ۔
دورانِ میٹنگ مئیر نے مانگوں کی یاداشت پیش کی اور جموں میونسپل کارپوریشن کو درپیش مسائل کے بارے میں اُن سے تبادلہ خیال کیا ۔
مئیر کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل میں 74 ویں آینی ترمیم کی عمل آوری ، جے ایم سی کیلئے مزید عملے کی فراہمی ، جموں میں اضافی ایل ای ڈی سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب ، سالانہ فیڈ بیک نظام کو شروع کرنے ، جمبو چڑھیا گھر پر دوبارہ کام شروع کرنے ، اضافی مالی گرانٹ کی فراہمی ، جے ایم سی کے منتخبہ ارکان کے مشاہروں میں اضافہ ، تعمیراتی قواعد و ضوابط میں ترمیم ، گلی کوچوں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر منسلک کاموں کیلئے خصوصی گرانٹ کی فراہمی ، جے ایم سی کے مختلف وارڈوں میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے اضافی جگہوں کی فراہمی ، زمین کے انتقال اور کارپوریشن کے دفتری مسائل سے متعلق معاملات شامل ہیں ۔
لفٹینٹ گورنر نے مئیر کو یقین دلایا کہ یو ٹی حکومت بلدیاتی اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے وعدہ بند ہے تا کہ جمہوریت کو بنیادی سطح پر ترقی دی جا سکے ۔ انہوں نے مئیر کو یقین دلایا کہ حکومت 73 ویں اور 74 ویں آینی ترامیم کی عمل آوری کیلئے وعدہ بند ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے معقول اقدامات اٹھانے کیلئے بھی پیش پیش رہے گی ۔