جموں و کشمیر میں خواتین کمیشن کو نوٹیفائی کیا جائے:پریاسیٹھی
یواین آئی
جموں؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں و کشمیر یونٹ کے مہیلا مورچہ کی صدر پریا سیٹھی نے یونین ٹریٹری میں خواتین کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھی دن بدن خواتین کے ساتھ جرم کا گراف بڑھ رہا ہے۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا: ‘خواتین کے ساتھ مجرمانہ واقعات پیش آنے کا گراف بڑھنے کے پیش نظر ہماری مانگ ہے کہ جموں و کشمیر میں خواتین کمیشن کو نوٹیفائی کیا جائے’۔موصوفہ نے کہا کہ ملک میں سال 1992 میں نیشنل خواتین کمیشن کی بنیاد ڈالی گئی لیکن سال گذشتہ جموں وکشمیر تنظیم نو قانون پاس کرنے کے بعد یہاں قائم سٹیٹ خواتین کمیشن کہیں نہ کہیں پس پشت چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں ایک سال کے دوران خواتین کے ساتھ مختلف النوع زیادتیوں کے زائد از تین ہزار واقعات درج ہوئے ہیں۔پریا سیٹھی نے کہا کہ خواتین کمیشن کی عدم دستیابی کی وجہ سے خواتین اپنی شکایات درج نہیں کرا پا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گونر منوج سنہا سے بھی ملے اور ان سے اپیل کی کہ وہ یونین ٹریٹری میں خواتین کمیشن قائم کریں۔بتادیں کہ سال گذشتہ جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کی تنسیخ کے ساتھ ہی یہاں کئی کمیشنز جن میں خواتین کمیشن اور حقوق بشر کمیشن خاص طور پر قابل ذکر ہیں، بھی ختم کر دیے گئے تھے۔