یواین آئی
نئی دہلی؍؍کھادی اور دیہی صنعت کی کمیشن کے قومی دار الحکومت واقع کناٹ پلیس کی کھادی فروخت مرکز نے رواں برس گاندھی جینتی کے موقع پر ایک کروڑ روپیے سے زیادہ کی فروخت کی ہے۔مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کی وزارت نے اتوار کے روز یہاں بتایا کہ امسال گاندھی جی کی سالگرہ کے موقع پر کووِڈ۔19 کا کوئی اثر کھادی کی فروخت پر نہیں پڑا۔ کناٹ پلیس واقع دہلی کے معروف کھادی انڈیا فروخت مرکز نے گاندھی جینتی کے موقع پر جمعہ کے روز دو اکتوبر کو کھادی پیداوار کی مجموعی طور پر 1,02,19,496 روپیے کی فروخت درج کی۔ گذشتہ برس دو اکتوبر کو اس مرکز سے کل 1.27 کروڑ روپیے کے سامانوں کی خریداری کی گئی تھی۔ دن بھر میں 1633 فروخت چالان بنائے گئے اور اوسط فروخت 6258 روپیے فی کوئنٹل ہے۔ صبح سے ہی کھادی انڈیا فروخت مرکز پر مختلف علاقوں اور عمر کے گاہک قطاروں میں کھڑا ہونا شروع ہو گئے۔قابل ذکر ہے کہ کھادی اور دیہی صنعت کی کمیشن نے گاندھی جی کی 151 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی تمام پیداوار پر 20 فیصد کی خصوصی چھوٹ دینے کا ا?غاز کیا ہے۔کمیشن کے چیئرمین ونے کمار سکسینا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کھادی خریدنے کی مسلسل اپیل کے سبب بڑے پیمانے پر کھادی کی فروخت ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں عوام میں بالخصوص نوجوانوں میں کھادی کی بڑھتی مقبولیت نے بھی اس میں حصہ داری کی ہے۔ کورونا وبا کے باوجود لوگ ابھی بھی کھادی خریدنے کے لیے آ رہے ہیں۔مسٹر سکسینا نے کہا کہ اگر رواں برس فروخت کے اعداد و شمار وبا کے سبب گذشتہ برس کے مقابلے کچھ کم ہیں پھر بھی ایک دن میں ایک کروڑ روپیے سے زیادہ کی فروخت کے اعداد و شمار کافی قابل اطمینان ہیں۔