کہا نوجوانوں کے ورثاء کی بات سن کر انصاف کا معاملہ کیا جائے
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍یوتھ کانگریس لیڈر صنم شاہ نے راجوری کے تین نوجوانوںکی نعشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لواحقین کو نعشیں ضرور ملی ہیں لیکن انصاف نہیں ملا ۔انہوں نے کہا راجوری کے تین نوجوان جو مزدوری کرنے گئے تھے کو فرضی انکائونٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا اور ایک بڑی جد و جہد کے بعد ان کی نعشیں لواحقین کو سونپی گئی ہیں جنہیں ان کے آبائی علاقہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔موصوف نے کہا کہ ابھی انتظامیہ کی جانب سے صرف نعشیں سپرد کی گئی ہیں اور انصاف ہونا باقی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے بارہا یقین دہانیاں کروائی ہیں کہ انصاف ہوگاجہاں اس سلسلے میں پہلے ڈی این اے رپورٹس کا انتظار تھا ۔شاہ نے کہاکہ ڈی این اے رپورٹس لواحقین سے مل گئی ہیں ،ورثاء کو لاشیں دے دی گئی ہیں لیکن ابھی انصاف ہونا باقی ہے ۔موصوف نے حکومت سے زور دار مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ تینوں نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ انصاف کیا جائے ،ان کے لواحقین کے ساتھ بات کر کے ا ن کے مطالبات کا ازالہ کیا جائے ۔