جموں کے عارضی ملازموں کے ہڑتال کی حمایت
یواین آئی
سرینگر؍؍کشمیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) جوائنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن نے جموں کے محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کے ہڑتال کی حمایت میں ہفتے کو یہاں پریس کالونی میں احتجاج درج کیا۔احتجاجی ‘جموں والو قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں’، ‘پی ایچ ای ایمپلائز یونائیٹڈ فرنٹ جموں زندہ باد’ کے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر جموں و کشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے بتایا کہ جموں کے محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین اپنے مطالبات کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت ان کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا: ‘جموں میں محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں لیکن ان کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ان سے کام لیا جاتا ہے لیکن آج ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جار ہی ہے’۔موصوف نے کہا کہ اگر یونین ٹریٹری انتظامیہ ان عارضی ملازمین کے مطالبات جیسے نوکریوں کی مستقلی کو پورا نہیں کرتی ہے تو کشمیر صوبہ میں محکمہ پی ایچ ای میں کام کرنے والے عارضی ملازمین ہڑتال پر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی ہڑتال سے جموں میں ہا ہا کار مچی ہوئی ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔