کہاجب تک ہمارے مسئلے کو حل نہیں کیا جائے گا تب تک ہم مرحلہ وار احتجاج کرتے رہیں گے
یواین آئی
سرینگر؍؍سیلف ہیلپ گروپ آف انجینئرس نے پیر کے روز اپنے مطالبوں کو لے کر یہاں پریس کالونی میں احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ انتظامیہ سیلف ہیلپ گروپ آف انجینئرس کی اسکیم کو ختم کرنے کے فیصلے کو واپس لے لے۔ انہوں نے بینرس بھی اٹھا رکھے تھے اور وہ خود بھی ‘ہمیں انصاف چاہئے’ کے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر جموں و کشمیر سیلف ہیلپ گروپ آف انجینئرس ایسوسی ایشن کے صدر سید پرویز حسین نے کہا کہ جب تک ہمارے مسئلے کو حل نہیں کیا جائے گا تب تک ہم مرحلہ وار احتجاج کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا گزشتہ احتجاج کے دوران ہم سے چیف سکریٹری اور لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ملاقات کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔موصوف نے کہا کہ منگل کے روز ہم جنوبی کشمیر میں احتجاج کریں گے اور جمعرات کو بارہمولہ میں احتجاج ہوگا اور دو تاریخ کو ہم راج بھون کے باہر دھرنا دیں گے جس میں جموں سے بھی لڑکے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راج بھون کے باہر ہم بھوک ہڑتال کریں گے اور گرفتاریاں بھی دیں گے۔موصوف نے کہا کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور ہماری سرکار سے اپیل ہے کہ ہمیں پر امن ہی رہنے دیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے 7 ستمبر کو سیلف ہیلپ گروپ آف انجینئرس ایسوسی ایشن کے سکریٹریٹ کے گھیراؤ کی کوششوں کو ناکام بنا کر درجنوں انجینئروں کو حراست میں لے لیا تھا۔