شاہ ہلال
ڈورو؍؍ جنوبی ضلع اننت ناگ کے ڈورو نتھی پورہ کے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوئے دو کمسن بچوں کے باپ کی اہلیہ اور والدین نے ایک ویڈیو میں جذباتی اپیل کی ہے ،والدین کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی اْن کا بیٹا ہے وہ اپنے گھر واپس لوٹ آئے۔32 سالہ پیر مفتی الطاف حسین شاہ(قاسمی ) ولد غلام محمد شاہ ساکنہ پیر پورہ نتھی پورہ ڈورو گذشتہ ماہ پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ہے۔پیشے سے امام وخطیب نوجوان کے والدین کے علاوہ اہلیہ دو کمسن بچے اور ایک بھائی ہے، اہل خانہ کے مطابق گذشتہ مہینے کی 8 کو دو کمسن بچوں کے باپ مغرب کی نماز ادا کرنے کیلئے گھر سے مسجد کی طرف نکلے اور ایک مہینہ گذر جانے کے بعد بھی وہ گھر واپس نہیں آیا۔نوجوان کا تب سے فون مسلسل بند آرہا ہے جس کے باعث انہیں بیٹے کی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔سوموار کو اہل خانہ نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں والدین کے علاوہ اْسکی اہلیہ و دو کمسن بچے نظر آتی ہے۔ویڈیو میں نوجوان کے ماں باپ کے ساتھ ساتھ اسکی اہلیہ روتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ ہمارے بڑھاپے کا سہارا ہے۔ہمارا بیٹا جہاں کہی بھی ہے ،یا اگر ازسر خود بھی یہ ویڈیو دیکھ رہے ہوں گے تو برائے مہربانی اپنے گھر کی طرف واپس آجائے۔اس سلسلے میں پولیس کے ایک آفیسر کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت پہلے ہی کیس درج کیا گیا ہے اور نوجوان کو بازیاب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔