آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کے لئے بہت جلد ایک اور پلانٹ قائم کریں گے: پرنسپل جی ایم سی جموں

0
0

 

جموں، 13 ستمبر (یو این آئی) گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے پرنسپل ڈاکٹر نصیب چند ڈگرا نے کہا ہے کہ جی ایم سی ہسپتال جموں میں آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کے لئے بہت جلد ایک مائع آکسیجن پلانٹ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آکسیجن سپلائی میں آنے والی رکاوٹ کو بھی بہت جلد دور کیا جائے گا۔
ڈاکٹر نصیب چند ڈگرا نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘لوگوں کو لگتا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں میں آکسیجن ختم ہوگئی ہے۔ ایسا نہیں ہے۔ ہمارے پاس آکسیجن دستیاب ہے۔ بیچ بیچ میں رکاوٹ آجاتی ہے لیکن جلد سے جلد ہم اس رکاوٹ کو دور کریں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘آنے والے دنوں میں ہمارے پاس ایک مائع آکسیجن پلانٹ ہوگا۔ اس کو ایف سی صاحب نے منظوری دے دی ہے۔ مائع آکسیجن پلانٹ کی بدولت ہم آکسیجن کی قلت کو بہ آسانی دور کر پائیں گے’۔
جی ایم سی جموں کے پرنسپل نے کہا کہ مریضوں کے دو طرح کے کورونا ٹیسٹ کرائے جاتے ہیں اور دونوں میں سے کسی ایک کے بھی نتائج صد فیصد صحیح نہیں ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم یہاں پر کورونا کے دو طرح کے ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ ایک ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ ہے۔ اس کی رپورٹ آدھے گھنٹے میں آجاتی ہے۔ دوسرا آر ٹی پی سی آر ہے۔ ہم زیادہ مریضوں کے آر اے ٹی ٹیسٹ ہی کرتے ہیں۔ اگر کسی مریض میں کورونا کی علامتیں ہیں تو اس کا آر اے ٹی ٹیسٹ منفی آنے کے بعد آر ٹی پی سی آر کرتے ہیں’۔
ان کے بقول: ‘لیکن میں یہ کہنا چاہوں گا کہ کسی بھی ٹیسٹ کی رپورٹ صد فیصد صحیح نہیں ہو سکتی ہے۔ آر اے ٹی ٹیسٹ کی رپورٹ 45 سے 50 فیصد صحیح ہوتی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ کا آر اے ٹی ٹیسٹ منفی آگیا تو آپ کو کورونا نہیں ہے۔ یہ اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ آپ کے جسم میں وائرل لوڈ کتنا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘اگر وائرل لوڈ زیادہ ہوگا تو ٹیسٹ مثبت آئے گا اور اگر وائرل لوڈ کم ہے تو کورونا میں متاثر ہونے کے باوجود آپ کا ٹیسٹ منفی آئے گا۔ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ 70 فیصد صحیح ہوسکتی ہے’۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا