فوج کا ایل او سی پر بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ

0
0

یواین آئی

سرینگر؍؍فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رام سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دو کمیں گاہوں کو بے نقاب کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سری نگر نشین دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رام پور سیکٹر میں ایل او سی پر 30 اگست کو مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کو دیکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد کی یہ نقل و حرکت ایل او سی کے نزدیک ایک گاؤں میں دیکھی گئی اور ان مشتبہ افراد نے اس طرف دراندازی کی تھی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ ان مشتبہ افراد کی حرکات وسکنات پر رات بھر قریبی نگاہ رکھی گئی اور ان کی طرف سے در اندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید متحرک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیر کی شام قریب پانچ بجے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جو قریب سات گھنٹوں تک جاری رہا۔موصوف نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران دو کمیں گاہوں کو بے نقاب کیا گیا جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ اسلحہ میں پانچ اے کے 47 رائفلیں، چھ میگزین اور دو بند صندوق جن میں 1254 راؤنڈس تھے، چھ پستولیں جن کے ساتھ نو میگزین اور چھ راؤنڈس تھے، اکیس گرینیڈ، دو یو بی جی ایل گرینیڈ اور دو ریڈیو سیٹس شامل ہیں۔موصوف نے بتایا کہ اس مشتبہ طریقہ کار سے معلوم ہوتا ہے کہ جنگجو ایل او سی کے قریب جنگی ساز و سامان کا ذخیرہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہاں سے جنگجو اعانت کار اور جنگجو سامان کو اٹھا سکیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا