’ہم نے اعلیٰ تربیت یافتہ ، تجربہ کار انسداد ملی ٹنسی کا پولیس افسر کھو دیا‘: ڈی جی پی دلباغ سنگھ
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ،دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ پانتھہ چوک جھڑپ کے دوران جموں وکشمیر پولیس نے ایک اعلیٰ تربیت یافتہ اوت تجربہ کار انسداد ملی ٹنسی کا پولیس افسر کھو دیا ۔پولیس لائنز سرینگر میں مہلوک پولیس افسر کے اعزاز میں منعقدہ تعزیتی و گلباری تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس کے سربرا ہ نے پانتھہ چوک آپریشن کے بارے میں بتایا کہ بہادر پولیس افسر بابو رام ایک اعلیٰ تربیت یافتہ اور تجربہ کار انسداد ملی ٹنسی افسر تھا ،جس نے کئی کامیاب جنگجو مخالف آپریشنز انجام دئے ۔انہوں نے کہا ’ایک موٹر سائیکل پر سوار تین ملی ٹنٹوں نے سنیچر کی شام پانتھہ چوک میں فورسز کی مشترکہ ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی اور ہتھیار چھینے کی کوشش کی ،تاہم الرٹ فورسز نے اُنکے منصو بے کو ناکام بنا دیا ،جس دوران وہ اپنے پیچھے ایک موٹر سائیکل چھوڑ نے پر مجبور ہوئے اور نزدیکی علاقہ دھوبی محلہ میں ایک رہائشی مکان میں پناہ لی ۔انہوں نے کہا کہ ایس اوجی اور سی آر پی ایف کی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی اور علاقے کو تب تک محاصر ے میں رکھا جب تک جائے واقعہ پر پولیس اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران آپریشن کی نگرانی کیلئے نہیں پہنچے ۔ انہوں نے کہا ’ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو مارا گیا جبکہ پولیس افسر اے ایس آئی با بو رام ہم کھو بیٹھے ‘۔ان کا کہناتھا ’رات دیر گئے آپریشن کو اتوار کی صبح تک ملتوی کردیا گیا اور اتوار کو جوابی کارروائی کے دوران مزید 2جنگجو مار ے گئے ‘۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ مارے گئے جنگجوئوں کا تعلق عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے تھا جن میں ایک گزشتہ ایک سال سر گرم عسکری کمانڈر بھی تھا ۔ان کا کہناتھا ’اس جھڑپ میں دو مقامی جنگجوئوں کا تعلق ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے سے ہے ،جن کے والدین کو لایا گیا اور اُنہیں اپنے بچوں کو خود سپر دگی کی پیشکش کی ،جو انہوں نے رد کی ۔ان کا کہناتھا ’ہم نے اس جھڑپ میں ایک بہادر اہلکار کو بھی کھو دیا تھا ،تاہم اسکے باوجود مقامی جنگجو نوجوانوں کو خود سپردگی کی پیشکش کی گئی ۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے مزید کہا کہ مارے گئے جنگجوئوں کی تحویل سے اے کے47رایفل اور پستول برآمد کئے گئے ۔جب انہوں نے کہا گیا کہ کیا مارے گئے جنگجو نوگام حملے میں ملوث تھے ،تو انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہے فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا ہے ۔