’حکومتیں گرانے کا کام ‘

0
0

بی جے پی جمہوریت کی نئی تعریف گڑھ رہی ہے:کپل سِبل
یواین آئی

نئی دہلی؍؍کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر اس کے اشارے پر غیر جمہوری طریقے سے کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتیں گرانے میں اہم کردار ادا کرکے نئے ڈھنگ سے جمہوریت کی جدید تعریف گڑھی جا رہی ہے۔کانگریس کے رہنما کپل سبل نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں اس طرح کی کئی مثالیں سامنے آچکی ہیں جہاں گورنر کی مدد سے اس کی حکومتوں کو گرایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تازہ ترین مثال راجستھان کی ہے جہاں حکومت اسمبلی کا سیشن بلانا چاہتی ہے لیکن گورنر اس تعلق سے اس کی درخواست پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور کچھ بھی نہیں بول رہے ہیں۔ گورنر اپنے آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے بجائے مرکزی حکومت کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راجستھان کے گورنر کی واحد مثال نہیں ہے۔ ادھر کچھ برسوں سے گورنر اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتوں کو گرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور بی جے پی کی مدد کرکے ملک کی مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود اسے حکومت بنانے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اس طرح سے بی جے پی کے اشارے پر گورنر جمہوریت کی جدید تعریف وضع کر رہے ہیں۔مسٹر سبل نے کہا کہ گورنروں کے آئین کے دائرے سے باہر جا کر بی جے پی کے لیے کام کرنے کی کئی مثالیں ہیں۔ گورنر نے مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں اسی طرح کی صورتحال پیدا کی اور وہاں بی جے پی کے کہنے پر حکومتیں گرانے کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی مثال ہر کسی نے دیکھی کہ وہاں کس طرح سے بی جے پی کو حکومت بنانے کے لیے غیر آئینی طریقے سے موقع دیا گیا۔ گورنر کے اس کردار کے بعد ریاست میں کیا صورتحال پیدا ہوئی‘ یہ پورے ملک کو معلوم ہے۔ وہاں آخر بی جے پی حکومت کی سانسیں اکھڑ گئیں اور اتحاد کی حکومت وجود میں آئی۔ اس طرح بی جے پی حکومت جمہوریت کی تعریف نئے ڈھنگ سے پیش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مسلسل غیر قانونی کام کر رہی ہے اور مخالفت کرنے والوں کو ڈرایا۔دھمکایا جا رہا ہے۔ کشمیر میں طلبہ کو 4جی انٹرنیٹ کی سہولت نہیں مل رہی ہے۔ وہاں کے صحافویں کو باہر نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں بچوں کے خلاف ملک سے غداری کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا