نئی دہلی ، 28 جون (یواین آئی) ملک میں کوروناوائرس کو روکنے کے لئے نافذلاک ڈاؤن میں ہندی کی اشاعت کی ناقص حالت کے پیش نظرہندی پبلشرز تنظیم نے وزیر اعظم نریندر مودی سے خصوصی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندی پبلشنگ آرگنائزیشن کے صدرارون مہیشوری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ہندی پبلشنگ دنیا کو بچانے کے لئے 15 نکاتی مانگ پیش کی ہے۔
خط میں انہوں نے کہا کہ کورونا نے ملک کی معیشت کو متاثرتو کیا ہی ہے ، لیکن ہندی پبلشنگ انڈسٹری کو بہت نقصان ہوا کیونکہ اس عرصے کے دوران کتابوں کی خرید و فروخت مکمل طور پر بند رہی۔ انہوں نے کہا کہ پبلشروں کو کاغذ پر12فیصد ،اشاعت پر18 فیصد ، جلد سازی پر 18فیصد اور رائلٹی پر 18 فیصد جی ایس ٹی دینا پڑتی ہے۔
تنظیم کے صدر مسٹر مہیشوری نے خط میں کہا ہے کہ آپ نے بیس لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے ، اس کا ایک چھوٹا حصہ ہندی پبلشنگ دنیا کے لئے بھی رکھیں۔
انہوں نے مسٹر مودی سے اپیل کی کہ وہ ’من کی بات‘ میں کتابوں کے بارے میں کچھ کہہ کر لوگوں کو تحریک دیں۔ ملک میں 35 لاکھ مذہبی مقامات ہیں ہر مذہبی مقام پر ایک چھوٹی لائبریری ہونی چاہئے اور اگر ان میں پڑھنے کا کلچر پیدا ہوا تو ہندی پبلشنگ کی دنیا پھل پھول سکتی ہے۔
انہوں نے ملک میں پبلشنگ کو یوروپ اور امریکہ کی طرح لازمی خدمات میں شامل کرنے اور صنعت کا درجہ دینےکابھی مطالبہ کیا ۔ اس کے ساتھ ہی ملک کی پنچایتوں ،شہری بلدیات اور بلدیات کونسلز میں بھی میں لائبریری ریڈنگ روم کھولے جانے اور چھوٹے پبلشروں کو رعایت و مراعات جیسی سہولیات جیسے مطالبہ کیا ہے تاکہ اسے بچایا جاسکے۔