یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے میں واقع ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا کی بحالی کے لئے وزارت امور داخلہ کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز کے تحت تیاریاں جاری ہیں۔وزارت امور داخلہ کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق ملک بھر میں ماہ رواں کی آٹھ تاریخ سے محدود ومشروط بنیادوں پر تمام عبادت گاہوں کے دروازے عقیدت مندوں کے لئے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔متذکرہ گائیڈ لائنز کے پیش نظر ماتا ویشنو دیوی مندر میں یاترا کی بحالی کے لئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ مندر کے باہر چھ چھ فٹ کے فاصلے پر دائرے بنائے جارہے ہیں تاکہ مندر میں داخل ہوتے وقت سماجی دوری کو برقرار رکھا جاسکے۔ اس کے علاوہ یاتریوں کے تحفظ کے لئے گائیڈ لائنز کے تحت دیگر ضروری اقدام کو بھی عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔اگرچہ ماتا ویشنو دیوی مندر میں یاترا کے لئے تیاریاں جاری ہیں تاہم شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے یاترا کی بحالی کے لئے ابھی کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے۔کٹرہ سے تعلق رکھنے والے ساحل سموترا نامی ایک عقیدت مند نے میڈیا کو بتایا کہ ایم ایچ اے کی گائیڈ لائنز کے تحت ماتا ویشنو دیوی مندر کو بھی اب یاتریوں کے لئے کھول دیا جانا چاہئے۔ان کا کہنا تھا: ‘وزارت مور داخلہ کے تحت آٹھ تاریخ سے ملک میں تمام عبادت گاہیں کھولی جارہی ہیں لہٰذا شرائن بورڈ کو بھی چاہئے کہ وہ بھی ان گائیڈ لائنز پر عمل کرکے ماتا وشینو دیوی مندر کی یاترا کو بحال ہونے کی اجازت دیں تاکہ عقیدت مند یاترا کرسکیں اور یہاں کے مقامی لوگ، جن کا اس یاترا کے ساتھ روزگار جڑا ہوا ہے، بھی اپنا کام کاج بحال کرسکیں’۔بتادیں کہ جموں وکشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر 18 مارچ کو لئے گئے ایک فیصلے کے تحت شری ماتا ویشنو دیوی یاترا پر اگلے احکامات تک روک لگائی تھی۔