نئی دہلی، 5 جون (یواین آئی) ملک میں کورناوائرس کے نئے کیسز میں روز افزوں اضافے کے ساتھ ، متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر ڈھائی لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 273 اموات کے ساتھ 6348 تک جا پہنچی ہے۔
جمعہ کو وزارت صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، 9851 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 2،26،770 ہوگئی ہے۔ اس عرصہ میں 273 اموات کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 6348 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 1،10،960 فعال کیسز ہیں جبکہ 109462 افراد اس وبا سے شفایابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اس وبا سے ملک میں مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2933 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 123 افراد کی موت ہوئی ہے ، جس کے ساتھ ریاست میں اس وبا سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 77،793 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2710 ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران ، ریاست میں 1352 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں ، اس طرح شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 33،368 ہوگئی ہے۔