نئی دہلی،26مئی(یو این آئی) اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کورونا اور لاک ڈاؤن جیسے معاملات پر کانگریس پردوہرے معیار کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جب لاک ڈاؤن نافذ ہواتھا تب اسے دقت تھی اور اب لاک ڈان میں رعایت دی جارہی ہے توبھی اسے پریشانی ہے،جو اس کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
مسٹر جاوڈیکر نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے منگل کو کہا کہ جس وقت ملک میں لاک ڈاؤن شروع ہوا تھا اس وقت کورونا کے معاملوں کے دوگنا ہونے کی شرح تین دن تھی اور اس وقت کورونا کے دوگنا ہونے کی شرح 13روز ہے اور اس میں کافی بہتری آئی ہے۔
مسٹر جاوڈیکر کے مطابق ’’دنیا کے متعدد ممالک نے ہندوستان کے وقت رہتے کئے گئے اس فیصلے کی تعریف کی ہے۔یہ ہندوستان کی کامیابی ہے۔مجھے تعجب ہوتا ہے کہ اس وقت کانگریس نے واویلا مچایا تھا اور کہا تھا کہ اس سے ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی،اب جب لاک ڈاؤن ختم کررہے ہیں تو بھی وہ شور مچارہے ہیں اور اس کی بھی مخالفت کریں گے۔یہ کانگریس کی منافقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ایک وبا سے لڑرہا ہے لیکن کانگریس پارٹی غلط بیان بازی کررہی ہے۔کانگریس اس وقت بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آرہی ہے اور مسٹر گاندھی کا پریس کانفرنس میں دیا گیا بیان غلط تھا۔