یواین آئی
سرینگر؍؍سری نگر کے شیرین باغ علاقہ میں واقع گورنمنٹ سوپر سپیشلٹی ہسپتال کے پیرا میڈیکل سٹاف نے ہسپتال ھٰذا میں کچھ مریضوں، تیمارداروں اور عملے سے وابستہ افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہوجانے کے پیش نظر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی سکریننگ، انہیں قرنطینہ میں رکھنے اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبات کو لیکر پیر کے روز یہاں احتجاج کیا۔ پیرا میڈیکل سٹاف کے اراکین ہسپتال کے احاطے میں جمع ہوئے اور ‘ہماری مانگیں پوری کرو، وی وانٹ جسٹس’ جیسے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ سوپر سپیشلٹی ہسپتال کورونا وائرس کا گڑھ بن چکا ہے۔ احتجاج میں شامل ایک خاتون پیرا میڈیکل سٹافر نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہمارا ہسپتال کورونا وائرس کا گڑھ بن چکا ہے۔ ہم سب کورونا کے مشتبہ مریض ہیں۔ لیکن ہمیں راحت پہنچانے والا کوئی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ جو ڈاکٹر اور نرسز کورونا وائرس کے مریضوں کے راست رابطے میں آئے ہیں انہیں ابھی تک کورنٹائن نہیں کیا گیا ہے۔ نہ ہمارے رہنے کا کوئی انتظام کیا جارہا ہے۔ ہم دن بھر یہاں کام کرتے ہیں اور پھر شام کو گھر چلے جاتے ہیں۔ وہاں ہمارا رابطہ براہ راست اہل خانہ کے ساتھ ہوتا ہے’۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم سب کی سکریننگ ہونی چاہیے۔ عملے کے سبھی مشتبہ اہلکاروں کو قرنطینہ میں رکھا جانا چاہیے۔ ہسپتال بند کیا جانا چاہیے۔ پندرہ دنوں کے بعد جب ہسپتال کووڈ فری ہوگا تو اس کے بعد کھلنا چاہیے۔ اگر انتظامیہ اقدامات اٹھاتی تو آج یہ نوبت نہیں آتی۔ ہمارے ہسپتال میں او پی خدمات بند ہیں لیکن وارڈوں میں تو مریض آتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہسپتال کو بند کیا جائے اور ہمیں قرنطینہ میں رکھا جائے’۔