ہماری گھر واپسی کے لئے سرینگر تک براہ راست پروازوں کا بندوبست کیا جائے
یواین آئی
سرینگر؍؍کورونا وائرس کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں پھنسے کشمیریوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی گھر واپسی کو بھی اسی طرز پر یقینی بنایا جائے جس طرح بنگلہ دیش میں پھنسے کشمیریوں کو سری نگر ہوئی اڈے تک براہ راست پروازوں کے ذریعے پہنچایا گیا۔ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ بھارتی سفارت خانہ متحدہ عرب امارات میں کشمیر کے پھنسے تمام شہریوں کی ایک فہرست مرتب کرکے ان کی براہ راست سری نگر منتقلی کے لئے اقدام کرے۔بتادیں کہ متحدہ عرب امارات میں درماندہ ہندوستانیوں کی گھر واپسی کے لئے جن نزدیکی ہوائی اڈوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے ان میں سری نگر ہوائی اڈہ شامل نہیں ہے۔متحدہ عرب امارات میں درماندہ ایک کشمیری نے یو این آئی اردو کو فون پر بتایا کہ ہمیں یہاں سے اپنے ملک کے کسی نزدیکی ہوائی اڈے کا انتخاب کرنا پڑتا ہے اس کے بعد ہمارا کیا ہوگا یہ معلوم ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہم ایک ہی کنبے کے چھ افراد یہاں پھنسے ہوئے ہیں یہاں گھر واپسی کے لئے ایک آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کرنا پڑتی ہے اور اپنے ملک کے کسی نزدیکی ہوائی اڈے کا انتخاب کرنا پڑتا ہے’۔موصوف نے کہا کہ جب ہم نے رجسٹریشن کی تو ہماری ایک سات سالہ بچی کا نام گھر جانے کے لئے مرتب فہرست میں شامل ہے جب کہ باقی کسی اہل خانہ کا نام نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ دلی یا چندی گڑھ پہنچنے کے بعد ہمارا کیا ہوگا اور گھر جانے کے لئے کن لوازمات کی ادائیگی لازمی ہے۔متحدہ عرب امارات میں پھنسے کشمیریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہاں سے ہماری گھر واپسی کے لئے سری نگر ہوائی ڈاے تک براہ راست پروازوں کا اسی طرز پر بندوبست کیا جائے گا جس طرز پر بنگلہ دیش سے سری نگر ہوائی اڈے تک کیا گیا ہے تو ہمیں کسی قسم کے مشکلات سے دوچار نہیں ہونا پڑے گا۔قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات می پھنسے ہندوستانیوں کی وطن واپسی کے لئے ایک آن لائن رجسٹریشن پورٹل کا قیام گذشتہ ماہ میں ہی عمل میں لایا گیا تھا جس میں اب تک زائد از ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے رجسٹریشن کی ہے۔