یواین آئی
سرینگر؍؍شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کے روز ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک کمسن لڑکی سمیت دو شہری زخمی ہوئے۔سرکاری ذارئع نے بتایا کہ اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعے کو پاکستانی فوج نے بلا اشتعال ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بناکر گولہ باری شروع کی جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی اور ایک شادی شدہ خاتون زخمی ہوئیں اور ایک رہائشی مکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔زخمیوں کی شناخت شہنازہ بانو دختر بشیر احمد اور طاہرہ بانو زوجہ لیاقت علی ساکنان چورندا کے بطور ہوئی ہے۔گولہ باری کا سلسلہ کچھ وقت تک جاری رہا جس سے کئی متصل علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا۔ذرائع نے بتایا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی اہلکاروں نے اس حملے کا بھر پور جواب دیا۔قابل ذکر ہے کہ کورونا قہر کے بیچ بھی طرفین کے درمیان سرحد پر نوک جھونک کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس سے آر پار کے سرحدی لوگوں کی زندگیاں مزید اجیرن بن کے رہ گئی ہیں۔