’کشمیر فائل ‘صرف ایک پروپیگنڈہ اور حقیقت سیکوئی تعلق نہیں،پابندی عائیدکی جائے: شفقت میر
عمرارشدملک
راجوری ؍؍کشمیر فائل نامی فلم کے ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نیا چرچا شروع ہوگیا ہے اور ساتھ متاثرہ کمیونٹی سے وابستہ افراد نے بھی سوشل میڈیا پر مشتمل نیوز پورٹلوں پر اس فلم کو غیرضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر فائل نامکمل فلم ہے جبکہ کشمیر میں 1990 کے دور میں ہر طبقہ سے وابستہ افراد ظلم و ستم کا شکار ہوا ہے۔ کشمیر فائل فلم پر سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ سماج کے ہر طبقے میں فکر کی لہر دوڑ پڑی ہے اور وہیں اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن نے راجوری میں پریس کانفرنس کر کے کشنیر فائل نامی فلم پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر شفقت میر کشمیر فائل فلم کو پروپیگنڈہ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم حقیقت نہیں ہے اور اس فلم میں مسلمانوں کے رول کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ شفقت میر نے کہا کہ کشمیر فائل فلم وقتی طور پر صرف ووٹ بنک سیاست ہے اور اس سے زیادہ اس کی کوئی اہمیت یا حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے ساتھ 1990 میں جو کچھ ہوا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر شریک ہیں لیکن وہیں اس وقت کشمیری مسلمانوں اور سکھوں کے ساتھ بھی بڑے پیمانے ظلم و ستم ہوا ہے وہ کشمیر فائل فلم میں کیوں درج نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چند ایک کشمیری پنڈتوں کو چھوڑ کر باقی پوری پنڈت کمیونٹی نے کشمیر فائل نامی فلم کو غیرضروری اور نامکمل فلم قرار دیا ہے۔ شفقت میر نے کہا کہ اس فلم نے مسلم سماج کی شناخت پر داغ لگایا ہے جبکہ اس فلم سے حقیقت کا کچھ بھی لینا نہیں ہے اور حکومت اس فلم کو پرموشن دینے میں دن رات کام کررہی ہے اور اس فلم کو ٹیکس فری کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت اس فلم کو بنایا گیا ہے اور اب ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں اس فلم کے ذریعے ایک نیا پروپیگنڈہ شروع کر دیا گیا ہے۔ شفقت میر نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اس فلم پر پابندی عائد کی جائے اور اس فلم پر ایف آئی آر درج کر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے سینسر بورڈ پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ ایک نے فتنے کو فلم کی شکل میں اجازت دی گئی ہے۔ شفقت میر نے جموں کشمیر اور دیگر ریاستوں کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذہبی بھائی چارے کو برقرار رکھے کیونکہ ایک سازش کے تحت صرف ووٹ بنک کے لئے اس فلم کو ریلیز کیا گیا۔