نئی دہلی، یکم مئی (یو این آئی) کامرس اینڈ انڈسٹری کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ملک کو سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش بنانے کے لئے بیرون ملک ہندوستانی سفارت خانوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ کورونا وبا کے بعد کے دور میں ہندوستانی معیشت کی ترقی کا راستہ تجارت اور سرمایہ کاری سے گزرے گا۔
مسٹر گوئل نے کل دیر شام وزیر خارجہ ایس۔ جے شنكر کے ساتھ 131 ہندوستانی سفارت خانوں کی میٹنگ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کاروبار اور برآمد کے میدان میں سفارت خانے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کو سرمایہ کاری کے لئے قابل اعتماد اور پرکشش مقام بنانے میں سفارت خانے مدد کر سکتے ہیں۔ انہیں اپنے ممالک میں ہندوستان میں دستیاب مواقع کی معلومات وہاں کے کاروباریوں کو دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے پیدا شدہ چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کرنا چاہئے۔ یہ ہندوستانی کاروبار اور صنعت کو بہتر بنانے اور نئے حالات میں ڈھالنے کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا کے بعد مختلف ممالک میں مواقعوں میں بھاری اضافہ ہوگا اور ان کا استعمال کرنے کی حکمت عملی طے کرنے پر بات چیت چل رہی ہے۔ تقریباً ایک سو ممالک کے بازار ہندوستانی دواؤں کے لئے کھلے ہیں اور ان میں فارما کے سیکٹر میں کاروبار کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبھی سرمایہ کار ایک ایسا ملک تلاش کر رہے ہیں جہاں جمہوری نظام، شفافیت، طریقہ کار، قابل اعتماد اور آزاد میڈیا ہو۔ یہ سبھی چیزیں ہندوستان میں موجود ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ انویسٹ انڈیا اور گھریلو کاروبار نیز سرمایہ کاری کے فروغ کے محکمہ سرمایہ کاروں کے لیے ’ایک کھڑکی‘ کا اہتمام کر رہے ہیں۔ اس سے انہیں ایک جگہ پر متعلقہ منظوریاں مل سکیں گی۔