لوکل باڈیز ، پنچایت ، سول سوسائٹی راجوری کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج ضلع راجوری کے طبی مراکز اور قرنطین مراکز کا دورہ کیا جبکہ فاروق خان نے آج ضلع راجوری کے دورے کے دوران ایم سی راجوری ، بی ڈی سی چیئرپرسنوں ، بیو پار منڈل کے صدر ، سول سوسائٹی ممبران اور مذہبی و سیاسی رہنمائوں سے بات چیت کی۔قرنطین مراکز میں بوائز ہوسٹل پی جی کالج راجوری ، گرلز ہوسٹل پی جی کالج راجور ی ، جی ایم سی راجوری میں قرنطین مرکز آئیسو لیشن مراکز شامل ہیں۔مشیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ وویک گپتا، پرنسپل جی ایم سی کلدیپ سنگھ ، ایس ایس پی چندر کوہلی ، اے ڈی سی راجوری شیر سنگھ ، اے سی آر محمد اشرف ، ایڈیشنل ایس پی لیاقت چودھری ، میڈیکل سپرا نٹنڈنٹ جی ایم سی ڈاکٹر رگھویر سنگھ اور محکمہ صحت دیگر افسران تھے۔فاروق خان نے اس موقعہ ڈاکٹر وں و دیگر طبی عملے کے ساتھ بات چیت کی اور کووڈ۔19 مریضوںکی ضروریات اور اُن کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے ہیلتھ ورکروں کو یقین دِلایا کہ اُنہیں پی پی ای کِٹس و دیگر آلات و سازوسامان فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجا م دے سکیں۔مشیر موصوف نے قرنطین میں رکھے گئے اَفراد کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان کی خیرو عافیت دریافت کی۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ قرنطین میں رکھے گئے لوگوں کی طبی نگہداشت اور صحت و صفائی ایس او پیز کے تحت جاری رکھیں ۔مشیر موصوف نے دورے کے دوران ضلع انتظامیہ کی طرف سے کورونا وائرس وبا کو روکنے کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ نے مشیر موصوف کو کووِڈ۔19کی روکتھام کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔فاروق خان نے میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے اٹھائے جارہے اقدامات کی ستائش کی۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر صورت میں ضلع میں داخل ہونے والے افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی سفری پس منظر کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایس ڈی ایچ نوشہرہ اور ایس ڈی ایچ سندربنی میں نمونوں کی ٹیسٹنگ کی سہولیات دستیاب رکھیں تاکہ جی ایم سی راجوری پر ٹیسٹنگ عمل کا بوجھ کم ہو۔میٹنگ میں ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ، ایس ایس پی راجوری ، ایڈیشنل ایس پی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری و دیگر متعلقہ افسران موجو دتھے۔اس دوران فاروق خان نے آج ضلع راجوری کے دورے کے دوران ایم سی راجوری ، بی ڈی سی چیئرپرسنوں ، بیو پار منڈل کے صدر ، سول سوسائٹی ممبران اور مذہبی و سیاسی رہنمائوں سے بات چیت کی۔ڈپٹی کمشنر راجوری ، ڈی آئی جی راجوری ۔ پونچھ رینج ، ایس ایس پی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل ایس پی اور اے سی آر اُن کے ہمراہ تھے۔ممبران نے اِس موقعہ پر خطا ب کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت انتظامیہ نے کورونا وائرس وبا کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ ممبران نے مشیر موصوف کو عوامی اہمیت کے حامل کئی مطالبات پیش کئے۔مشیرموصوف نے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوٹی حکومت عوام الناس کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے رات دن کام کر رہی ہے اور لوگوں کے مشکلات دُور کرنے کے لئے تمام تر کوششیں عمل میں لائی جارہی ہے ۔اُنہوںنے کہاکہ حکومت باہر ریاستوں میں پھنسے ہوئے طلباء اور مزدوروں کو واپس لانے کا عمل شروع کرچکی ہے جس کے لئے اضافی سکریننگ اور نگرانی ٹیمیں تعینات کی جارہی ہے ۔ اُنہوں نے ممبران کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو معیاد بند طریقے پر پورے کئے جائیں گے۔دیگر معزز افراد میں کلدیپ راج گپتا، سابق وی سی پی اے بی ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف شاہ درا شریف عبدالقیوم ڈار، چیئرمین ایم سی راجوری محمد عارف و دیگر افراد بھی موجود تھے۔