نئی دہلی، 28 اپریل (یواین آئی) چین نے انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل (آئی سی ایم آر) کے ذریعہ گوانگزو اور ژو ہائی سے درآمد ’ریپڈ اینٹی باڈی کٹس‘ کے معیار کے حوالہ سے ان کے استعمال کو روکنے اور کٹس واپس بھیجنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کرکے حقائق کی بنیاد پر اس تنازع کا مناسب حل نکالے۔
ہندوستان میں چینی سفارت خانے کی ترجمان ژی رونگ نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہم ٹسٹ کٹس کی جانچ کے نتائج اور آئی سی ایم آر کے فیصلے سے بہت فکر مند ہیں. چین اپنے یہاں سے برآمد کی جانے والی طبی مصنوعات کے معیار کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ حال ہی میں چین کے سفارت خانے نے آئی سی ایم آر اور دونوں چینی کمپنیوں سے رابطہ قائم کیا ہے تاکہ اس مسئلے کا مناسب حل نکالا جاسکے۔ اس بارے میں ’گوانگزو وونڈفو بایوٹیک‘ اور ’ژو ہائی لوزون ڈائیگنو يگنوسٹكس‘ نے بھی اپنے بیان جاری کئے ہیں۔ دونوں كمپنیاں چین کے نیشنل میڈیکل گڈز ایڈمنسٹریشن ( این ایم پی اے ) کا سرٹیفیکیٹ یافتہ ہے اور وہ چین اور برآمدات والے ممالک کے معیار کے اسٹینڈرڈ پر کھری اترتی ہیں۔ ان مصنوعات کو آئی سی ایم آر اور پونے واقع نیشنل وائرس سائنس انسٹی ٹیوٹ سے بھی منظوری حاصل کی گئی تھی۔ ان کمپنیوں نے یوروپ، ایشیا اور لاطینی امریکہ کے ممالک کو بھی یہ مصنوعات برآمد کئے ہیں۔