کروناوائرس کے باعث بازاروں میں پہلے جیسی رونق غائب
ملک شاکر
بانہال؍؍ جہاں ایک طرف سے دنیا بھر میں کروناوائرس نے لوگوں کے دلوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا ہے اور تمام انسان اس وقت کروناوائرس سے بچنے کے لئے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں وہی مکمل لاک ڈاؤن کے دوران رمضان المبارک کی آمد پر اشیاء ضروریہ کی خریداری کے لئے لوگوں کو جہاں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس بابرکت مہینے میں اکثر بازاروں محلوں گلی کوچوں میں مسلمانوں کا کافی رش دیکھنے کو ملتا تھا اور اس مبارک ماہ کا استقبال بڑے ہی جوش و جزبے کے ساتھ کیا جاتا تھا تاہم اس بار بھی رمضان المبارک کا استقبال اگر چہ پہلے ہی کیا گیا اہل ایمان رمضان المبارک کی آمد کے لئے بے قرار دکھائی دے رہے تھے ۔مگر بازاروں میں رونق غائب ہی رہی ۔ مساجد میں پانچوں وقت نماز ادا کرنے کے لئے فرزندان توحید کی کثیر تعداد پائی جاتی تھی اور اہل ایمان زیادہ سے زیادہ عبادات کا اہتمام مساجد میں ہی کرتے تھے۔مگر اس بار کروناوائرس کے باعث مساجد میں مختصر سے وقت میں بہت ہی مختصر تعداد میں نماز ادا کی جائے گی۔ جس پر مسلمانوں کے چہرے مایوس دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تاہم اس وبائی بیماری کے چلتے بانہال میں رمضان المبارک کی آمد پر مسلمانوں نے بے قراری سے استقبال کیا ۔لاک ڈاؤن کے دوران جہاں گذشتہ دنوں میں بھی بانہال میں اشیائے ضروریہ کی خریدوفروخت کے لئے انتظامیہ کی جانب سے ڈھیل دی گئی تھی تو وہی رمضان المبارک کے پیش نظر بانہال میں بروز جمعہ بھی تین گھنٹے کی ڈھیل چار سے شام سات بجے تک دی گئی اور لوگوں نے اشیاء ضروریہ کی خریدوفروخت کے ساتھ ہی فوراََ اپنے گھروں کا رخ کیا۔