سری نگر، 23 اپریل (یو این آئی) وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی و مصنف گوہر گیلانی نے کہا کہ میں کسی بھی گوشے سے دھمکی آمیز ہتھکنڈوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنے والا نہیں ہوں بلکہ اپنا کام پیشہ ورانہ فرائض خلوص کے ساتھ جاری رکھوں گا۔
پولیس کی سائبر ونگ نے معروف صحافی گوہر گیلانی کے علاوہ انگریزی روز نامہ ‘دی ہندو’ کے نامہ نگار پیرزادہ عاشق اور ایک فری لانس فوٹو جرنلسٹ مسرت زہرا کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام والے قانون اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کئے ہیں۔گوہر گیلانی نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں جہاں کسی بھی دھونس دباؤ کے بغیر اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے وہیں مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ ان لوگوں کا تشکر بھی ادا کیا ہے جنہوں نے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔