لازوال ڈیسک
جموں؍؍کووڈ 19 کے کمیونٹی میں پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے حکومت جموں کشمیر کے تمام ریڈ زون قرار دئیے گئے علاقوں میں تیز تر اینٹی باڈی ٹیسٹ کٹ کے استعمال کا آغاز کر رہی ہے یہ کٹ آئی سی ایم آر کی جانب سے موصول ہوئے ہیں ۔ جی ایم سی جموں کے مائیکرو بائیو لاجی شعبے کی پروفیسر ڈاکٹر ششی نے آج اس بات کی جانکاری دی ۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیسٹ سے کسی کے کورونا وائیرس میں مبتلاء ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق نہیں ہو گی تا ہم کووڈ 19 کے خلاف لڑنے کیلئے انسان کے جسم میں اینٹی باڈی کے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ چلے گا ۔ اس سلسلے میں متعلقہ عملے کی تربیت کل سے شروع ہو رہی ہے ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ آئی سی ایم آر نے کووڈ 19 ہاٹ سپاٹس میں اینٹی باڈی ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے تا کہ کمیونٹی میں وائیرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ ڈاکٹر ششی نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کے عمل میں اضافہ کرنے کیلئے سی بی ۔این اے اے ٹی کی بنیاد پر ٹیسٹنگ کا عمل جموں کے سی ڈی ہسپتال میں شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے پاس محدود وسائل ہیں تا ہم مرکزی حکومت کی جانب سے مناسب امداد مل رہی ہے ۔ ڈاکٹر ششی نے کہا کہ کورونا وائیرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے ہیلتھ سروسز کے مختلف شعبے قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے عمل کو آئی آئی ایم جموں تک وسعت دی گئی ہے اور اس سلسلے میں انسانی وسائل سے مناسب تعاون مل رہا ہے ۔